پاکستان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وی پی این صارفین کے لیے نیا رجسٹریشن پورٹل متعارف کرا دیا۔
اجلاس میں وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد پاکستان کے آئی ٹی اور ای کامرس سیکٹرز کے لیے "محفوظ ماحول” فراہم کرنا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے وی پی این رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنایا ہے، جس کے تحت جائز صارفین اپنے وی پی اینز کو ایک نیا آن لائن پورٹل ipregistration.pta.gov.pk کے ذریعے رجسٹر کر سکتے ہیں۔
اتھارٹی کا دعویٰ ہے کہ یہ سادہ فریم ورک "آئی ٹی کمپنیوں، فری لانسروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے بلا رکاوٹ رسائی کی حمایت کرتا ہے اور پی ٹی اے کی پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مزید تقویت دینے کے عزم کا مظہر ہے۔ اجلاس کے دوران وی پی اینز کے "غیر قانونی سرگرمیوں” کے لیے استعمال ہونے کے ممکنہ خدشات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وی پی اینز دنیا بھر میں اس لیے استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ صارفین انٹرنیٹ پر ایسے مواد تک رسائی حاصل کر سکیں جو ان کے اپنے ملک میں بلاک یا دستیاب نہ ہو۔ پاکستان میں وی پی اینز کا استعمال خاص طور پر ایکس سمیت دیگر پابندی شدہ ویب سائٹس تک رسائی کے لیے کیا جاتا ہے۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب ملک بھر سے متعدد انٹرنیٹ صارفین نے وی پی اینز تک "محدود رسائی” اور خراب انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کی شکایات کیں۔