پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے نئے سال کے پہلے دن نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا اور تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، کیونکہ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے معاشی اصلاحات نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج سال کے پہلے دن کے ایس ای-100 انڈیکس نے 2,214.13 پوائنٹس کا اضافہ حاصل کیا اور 117,341.03 پوائنٹس پر انٹرا ڈے بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جبکہ گزشتہ روز انڈیکس 115,126.90 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
یہ مثبت رجحانات اس وقت سامنے آئے جب ایک دن قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ‘اڑان پاکستان’ کا آغاز کیا، جو ایک پانچ سالہ قومی اقتصادی منصوبہ ہے جس کا مقصد پائیدار ترقی اور اقتصادی استحکام حاصل کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ پروگرام اقتصادی ترقی کے لیے ایک روڈ میپ فراہم کرے گا، جس میں ڈیجیٹل معیشت، توانائی، انفراسٹرکچر، ماحولیات، اور روزگار کے مواقع پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے ایک دن قبل، 100 انڈیکس نے منگل کو 132.09 پوائنٹس کا خسارہ برداشت کیا تھا، جو کہ 0.11 فیصد کی معمولی منفی تبدیلی تھی، اور 115,126.90 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جبکہ پچھلے دن کے اختتام پر یہ 115,259.00 پوائنٹس پر تھا۔