پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے پلیئر ڈرافٹ کی تقریب اب گوادر کے بجائے لاہور میں منعقد کی جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق، پی ایس ایل 10 کا پلیئر ڈرافٹ اب 13 جنوری کو لاہور کے تاریخی حضوری باغ، لاہور قلعہ میں ہوگا۔ یہ تقریب پہلے گوادر میں 11 جنوری 2025 کو شیڈول تھی، لیکن غیر متوقع لاجسٹک مسائل کی وجہ سے مقام تبدیل کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل 2025 ٹرافی ٹور جو مارچ میں ہوگا، اب پاکستان بھر میں اپنے راستے میں گوادر کو ایک اہم مقام کے طور پر شامل کرے گا۔
پی سی بی نے رواں ماہ کے اوائل میں پی ایس ایل 10 کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹریڈ ونڈو کا آغاز کیا۔
اعلان کردہ پک آرڈر کے مطابق، لاہور قلندرز کو پلاٹینم کیٹیگری میں پہلے کھلاڑی کے انتخاب کا موقع ملے گا، جس کے بعد کراچی کنگز کی باری ہوگی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسرے نمبر پر، جبکہ پشاور زلمی چوتھے نمبر پر کھلاڑی منتخب کرے گی۔ پی سی بی کے مطابق، ملتان سلطانز پلاٹینم کیٹیگری میں پانچواں انتخاب کرے گی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اس کیٹیگری میں آخری کھلاڑی منتخب کرے گی۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ چھ فرنچائزز نے 4 جنوری کو پلیئر ڈرافٹ سے قبل اپنے ریٹین کیے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی۔ ہر فرنچائز کو اپنی گزشتہ اسکواڈ سے زیادہ سے زیادہ آٹھ کھلاڑی ریٹین کرنے کی اجازت تھی۔ تین فرنچائزز نے مکمل آٹھ ریٹین کیے، جبکہ کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور پشاور زلمی نے سات سات کھلاڑی ریٹین کیے۔