اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے پی ایس ایل 10 میں شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹی 20 کرکٹ میں ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
راولپنڈی میں پشاور زلمی کے خلاف میچ میں فرحان نے 49 گیندوں پر 106 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کی ٹی 20 کرکٹ میں چوتھی سنچری تھی، یوں وہ ویرات کوہلی، جوز بٹلر، شبھمن گل اور کرس گیل کے ساتھ چار سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
اس سے قبل صاحبزادہ فرحان نیشنل ٹی 20 کپ میں بھی ریکارڈ قائم کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے ایک ایڈیشن میں 6 اننگز میں 588 رنز بنا کر نیا قومی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ پچھلے سیزن میں بھی یہ ریکارڈ ان ہی کے نام تھا (12 اننگز میں 492 رنز)۔