Home » ملک کے نامور عالمِ دین مولانا پیر اسداللہ فاروق نقشبندی والد کے پہلو میں سپرد خاک،نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

ملک کے نامور عالمِ دین مولانا پیر اسداللہ فاروق نقشبندی والد کے پہلو میں سپرد خاک،نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

by ahmedportugal
14 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ملک کے معروف عالمِ دین اور جامعہ منظور الاسلامیہ کینٹ لاہور کے مہتمم مولانا پیر اسداللہ فاروق نقشبندی 53 برس کی عمر میں اچانک حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی دینی،علمی اور مذہبی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا جبکہ عقیدت مندوں اور شاگردوں کی بڑی تعداد نے مرحوم کی دینی و ملی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق مولانا پیر اسداللہ فاروق نقشبندی جامعہ اشرفیہ لاہور کے فاضل تھے اور اپنی زندگی درس و تدریس،دعوت و تبلیغ،اصلاحِ معاشرہ اور دینی خدمات کے لیے وقف کیے رکھی۔وہ جمعیت علماءو مشائخ پاکستان کے مرکزی امیر کے علاوہ انٹرنیشنل ختمِ نبوت موومنٹ اور پاکستان علماء کونسل میں بھی مرکزی سطح پر ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔مرحوم کو دینی تعلیم و تبلیغ کے ساتھ عقیدہ ختمِ نبوت،ناموسِ صحابہؓ و اہلِ بیتؓ کے تحفظ،اتحادِ امت،بین المسالک ہم آہنگی اور قیامِ امن کے لیے کاوشوں کے حوالے سے بھی نمایاں مقام حاصل تھا۔انہوں نے پاکستان کے علاوہ امریکا،یورپ اور دنیا کے مختلف ممالک کے تبلیغی و اصلاحی دورے کیے اور مختلف طبقات تک دینی و اصلاحی پیغام پہنچانے کی کوشش کی۔مرحوم کے پسماندگان میں ایک بیوہ،تین بیٹیاں،سینکڑوں شاگرد اور ہزاروں عقیدت مند شامل ہیں۔ان کی وفات کو مذہبی و علمی حلقوں نے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی شخصیت علم، تقویٰ،اخلاص اور دینی خدمت کا امتزاج تھی۔

مولانا پیر اسداللہ فاروق نقشبندی کی نمازِ جنازہ ان کے چھوٹے بھائی اور جانشین مولانا پیر ابراہیم خلیل اللہ نقشبندی نے پڑھائی۔نمازِ جنازہ میں ملک بھر سے جید علما، مشائخ،مذہبی و سیاسی شخصیات،شاگردوں،عقیدت مندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نمازِ جنازہ میں مولانا میاں محمد اجمل قادری،مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد،جامعہ اشرفیہ لاہور کے نائب مہتمم حافظ اسعد عبید،پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین مولانا حافظ زبیر حسن،شیخ الحدیث مولانا محمد یوسف خان،مولانا سعدبن اسعد،مولانا مجیب الرحمن انقلابی،وفاقی مشیر مولانا شبیر احمد عثمانی،سابق رکن صوبائی اسمبلی اور راہِ حق پارٹی کے مرکزی راہنماء مولانا معاویہ اعظم طارق،مولانا عبدالروف فاروقی،مولانا ڈاکٹر عبدالغفور راشد،پیرمحمود الحسن نقشبندی،مولانا ڈاکٹر سرفراز اعوان،مولانا اشرف طاہر،مولانا حافظ حسین احمد،علامہ زبیر عابد،علامہ محمد اسید الرحمن سعید،مولانا پیر عبدالقدوس نقشبندی،مولانا پیر نعیم اللہ فاروقی نقشبندی،مولانا مفتی احمد علی،مولانا صوفی عتیق الرحمن،مولانا عاصم مخدوم،صاحبزادہ حافظ عمیر عبدالہادی قادری،رانا عبدالجبار،مولانا صوفی محمد اکرم،مفتی احمد خان سروہی،مولانا عزیز الرحمن ثانی،مولانا حافظ نعمان حامد،حافظ خالد شہزاد فاروقی ،مولانا فصیح الدین سیف،قاری عطاءاللہ سہیل اور مفتی زکاء اللہ سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے مولانا پیر اسداللہ فاروق نقشبندی کی علمی،دینی،اصلاحی اور ملی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی دین کی خدمت،اسلام کی اشاعت،درس و تدریس،قیامِ امن،اتحادِ امت اور فرقہ واریت کے خاتمے کی جدوجہد میں گزاری۔مقررین کا کہنا تھا کہ مرحوم کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا آسانی سے پر نہیں ہو سکے گا تاہم ان کے دینی مشن اور علمی خدمات کو ان کے جانشین اور شاگرد جاری رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مولانا پیر اسداللہ فاروق نقشبندی کو جامعہ منظور الاسلامیہ کینٹ لاہور کے احاطے میں ان کے والد حضرت مولانا پیر سیف اللہ خالد نقشبندیؒ کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ تدفین کے موقع پر بھی بڑی تعداد میں علما،مشائخ،عزیز و اقارب،شاگرد اور عقیدت مند موجود تھے،جنہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز