لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نجی ایئر لائن فلائی جناح کا طیارہ ٹیک آف کے دوران پرندے سے ٹکرا گیا۔ پائٹ کی بروقت کارروائی سے مسافر محفوظ رہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ایئرلائن فلائی جناح کا 9 پی 841 طیارہ لاہور ایئرپورٹ سے کراچی جاتے ہوئے پرندے سے ٹکرا گیا۔ حادثے سے طیارے کے ایک انجن کو نقصان پہنچا تو پائٹ نے فوری طور پر لاہور ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور طیارے کو بحفاظت رن ون پر اتار کرکے مسافروں کی جان بچائی۔
بعد ازاں سول ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹیکنیکل ٹیم نے طیارے کے معائنے کے بعد مرمتی کام شروع کر دیا ہے۔ جبکہ ترجمان فلائی جناح نے طیارے میں خرابی کے بعد پرواز منسوخ کرنے کا اعلان کیا تو کچھ مسافر گھروں کو چلے گئے جبکہ کچھ ویٹنگ لاؤنج میں موجود ہیں۔
واضح رہے 2024 کے پہلے چھ مہینوں میں کم از کم 38 پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے طیارے پرندوں کی زد میں آئے۔ یہ واقعات اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد، گلگت، سکھر، جدہ اور دبئی میں رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ 2024 کے پہلے چھ ماہ میں پی آئی اے کے 38 میں سے 5 طیارے پرندوں کی زد میں آکر تباہ ہوئے جب کہ 33 طیارے بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔ پی آئی اے کے تباہ ہونے والے طیاروں میں ایئربس 320 اور تین بوئنگ 777 طیارے شامل ہیں۔ طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات پاکستان میں عام ہیں۔