بلوچستان میں امن وامان کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر صوبے کے دارلحکومت کوئٹہ پہنچ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزرا جن میں احسن اقبال اور محسن نقوی بھی شامل ہیں وزیر اعظم کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سمیت دیگر حکام نے ائیرپورٹ پر شہباز شریف کا استقبال کیا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم کوئٹہ میں آج صوبے کے امن وامان سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں آرمی چیف، وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی شریک ہوں گے۔
ادھر، بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں وفاقی حکومت نے صوبے کے آئی جی عبدالخالق شیخ کو ان کے عہدے سے ہٹا کر معظم جاہ انصاری کو بلوچستان پولیس کا نیا آئی جی مقرر کر دیا ہے۔ بعد ازاں صدر آصف علی زرداری سے نئے آئی جی پی نے ملاقات کی۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اور نئے آئی جی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب، بلوچستان پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ضلع موسی خیل کے علاقے راڑہ شرم میں 23 مسافروں کو قتل کرنے کے الزام میں نامعلوم عسکریت پسندوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ بلوچستان میں رواں ہفتے دہشت گردی کے واقعات میں 14 سکیورٹی اہلکاروں سمیت کم از کم 50 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔