لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیان کے خلاف ردعمل کا سلسلہ جاری ہے اور اس تناظر میں ایک اور مذمتی قرارداد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔قرارداد مسلم لیگ(ن) کی رکن راحیلہ خادم حسین کی جانب سے جمع کروائی گئی،جس میں شہدا وطن کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے مقام و مرتبے کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کی سلامتی،خودمختاری اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایااور ان کی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔متن کے مطابق شہداءکی قربانیوں کو کسی بھی مادی مفاد یا تنخواہ سے جوڑنا نہ صرف نامناسب بلکہ ان کے بلند مرتبے کے منافی ہے۔قرارداد میں واضح کیا گیا ہے کہ شہادت ایثار،حب الوطنی، ایمان اور فرض شناسی کی اعلیٰ ترین مثال ہے، جسے دنیاوی پیمانوں سے نہیں تولا جا سکتا۔ اس میں مزید کہا گیا کہ ایسے بیانات جو شہداءکی قربانیوں کی اہمیت کم کریں یا ان کی توہین کا باعث بنیں، قابلِ افسوس ہیں اور قومی جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔متن کے مطابق پنجاب اسمبلی پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر سکیورٹی فورسز کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔قرارداد میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءکو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔قرارداد میں تمام سیاسی اور مذہبی رہنماوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ قومی معاملات خصوصاً شہداءسے متعلق بیانات دیتے وقت ذمہ داری،احتیاط اور احترام کو ملحوظ رکھیں ساتھ ہی مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس نوعیت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی حوصلہ شکنی کی جائے۔قرارداد میں ریاست سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف موثر اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جو شہدا کے احترام کو مجروح کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ مزید برآں،اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے مشعل راہ اور باعثِ افتخار رہیں گی۔
فضل الرحمان کے بیان پر سیاسی دباو بڑھ گیا،پنجاب اسمبلی میں ایک اور قرارداد جمع
7