صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ممتاز کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کیلئے زندگی بھر جدوجہد کرنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ گیلانی امید اور مزاحمت کی کرن تھے، جس نے لاتعداد کشمیریوں کو حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ثابت قدم رہنے کی ترغیب دی۔
انہوں نے کہا، ’’کشمیری عوام کے منصفانہ مقصد کیلئے ان کی انتھک کوششیں اور قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں اور دماغوں میں نقش رہیں گی،‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک عظیم رہنما تھے اور جموں کے لوگوں کے حق خودارادیت کیلئے ان کی وابستگی تھی۔
دوسری جانب، مرحوم کشمیری رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، وزیر اعظم شہباز نے کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ گیلانی کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک میں ان کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کا احترام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گیلانی ایک عظیم کشمیری رہنما تھے جن کا کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر پختہ یقین تھا۔ مرحوم گیلانی نے اپنی پوری زندگی اسی مقصد کے حصول کیلئے وقف کر دی تھی۔
واضح رہے کہ کشمیری رہنما، جن کا مشہور قول "ہم کشمیری ہیں اور پاکستان ہمارا ملک ہے” نے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا، یکم ستمبر 2021 کو سری نگر کی رہائش گاہ پر طویل عرصے تک نظر بندی کے بعد انتقال کر گئے تھے۔