صدر آصف علی زرداری کی چینی وزیر اعظم لی کیانگ سے ملاقات، دونوں رہنماؤں نے نجی شعبے کے روابط کے ذریعے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
گریٹ ہال آف دی پیپل میں ہونے والی اس ملاقات میں صدر زرداری نے چین پاکستان "آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری پر زور دیا۔
صدر زرداری نے علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کیلئے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
دونوں فریقوں نے مشترکہ پیشرفت اور مشترکہ خوشحالی کو مزید آگے بڑھانے کیلئے قابل تجدید توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں فریقوں نے نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کیلئے عوام سے عوام اور ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔