صدر اور وزیر اعظم نے قوم پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مضبوط پاکستان کے لیے قائد اعظم کے وژن کو اپنائے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بانی پاکستان کی 76 ویں برسی کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کے "رہنمائی اصولوں” اور پاکستان کی خوشحالی کیلئے اُن کے "وژن” کی اہمیت پر زور دیا۔
قوم کے نام اپنے پیغام میں، صدر زرداری نے قوم پر زور دیا کہ وہ جناح کے "اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط” کے اصولوں پر عمل کریں۔ دریں اثنا، وزیر اعظم شہباز نے قوم سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے عزم کی تجدید کرے جس میں جناح کے وژن کے مطابق امن، انصاف اور تمام شہریوں کیلئے یکساں مواقع ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت، سماجی انصاف اور مساوات کے اصولوں کے لیے قائد کی غیر متزلزل وابستگی نے ایک ایسی قوم کی بنیاد رکھی جہاں ہر شہری متنوع ثقافتوں کے باوجود ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے۔
جناح کی برسی کی مناسبت سے سندھ کے اعلیٰ حکام بشمول وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر داخلہ ضیاءالحسن سمیت دیگر نے مزار قائد پر حاضری دی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور دیگر صوبائی وزراء بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اعلیٰ حکام نے قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا اور وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ نے بھی مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔