اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)صدرِ مملکت آصف علی زرداری 13 جنوری سے 16 جنوری تک بحرین کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے،جس کے دوران ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود رہے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس دورے کے دوران صدر زرداری بحرین کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں وزیرِ اعظم بحرین سے دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال شامل ہوگا۔دفتر خارجہ کے مطابق صدر زرداری کا یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو نئی جہت دینے،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور سیاسی و اقتصادی رابطوں کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ترجمان نے کہا کہ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی،سفارتی اور انسانی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عملی اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مضبوطی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی کوششوں میں معاون ثابت ہو گا۔سرکاری ذرائع کے مطابق صدر زرداری کے بحرین کے دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ شراکت داری کے فروغ کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔اس موقع پر دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اصولوں کے مطابق دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے،خطے میں مثبت کردار ادا کرنے اور عالمی سطح پر ملک کی شبیہ بہتر بنانے کی کاوشوں کا حصہ ہے۔
پاکستان اور بحرین کے تعلقات مضبوط بنانے کے لیے صدر زرداری کے چار روزہ سرکاری دورہ کی تفصیلات آ گئیں
7