مظفرآباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں حلقہ ایل اے XVII باغ IV حویلی (کہوٹہ) سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار راجہ فیصل ممتاز راٹھور کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ دوبارہ گنتی کے بعد بھی ان کی کامیابی برقرار رہی۔ ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری فارم 27 کے مطابق فیصل ممتاز راٹھور نے 33 ہزار 872 ووٹ حاصل کرکے میدان اپنے نام کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق ریٹرننگ افسر کے باضابطہ اعلامیے میں راجہ فیصل ممتاز راٹھور ولد ممتاز احمد راٹھور کو حلقہ ایل اے XVII باغ IV حویلی (کہوٹہ) سے کامیاب امیدوار قرار دے دیا گیا ہے۔انتخابی نتیجہ 11 اگست 2026 کو جاری کیا گیا،جس کے بعد ان کی کامیابی کی باقاعدہ تصدیق ہو گئی۔فارم 27 کے مطابق حلقے میں مجموعی طور پر 84 ہزار 702 ووٹ درست قرار پائے جبکہ 464 ووٹ مسترد ہوئے اور 2 ٹینڈرڈ ووٹ بھی ریکارڈ کیے گئے۔
نتائج کے مطابق فیصل ممتاز راٹھور کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے 32 ہزار 354 ووٹ حاصل کیے جبکہ خواجہ طارق سعید 12 ہزار 538 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔امیر نذیر چوہدری نے 5 ہزار 405 ووٹ حاصل کیے۔حلقہ حویلی میں فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی اس لحاظ سے بھی اہم قرار دی جارہی ہے کہ انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی بھی کی گئی تاہم اس کے باوجود پیپلزپارٹی کے امیدوار کی برتری برقرار رہی اور انہیں کامیاب قرار دے دیا گیا۔قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل کی ہدایت پر حویلی کے تمام پولنگ بیگز سخت سکیورٹی میں الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر مظفرآباد منتقل کیے گئے تھے،جہاں انتخابی مواد اور ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔بعد ازاں ریٹرننگ افسر کی جانب سے باضابطہ نتیجہ جاری کردیا گیا۔فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کے بعد پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور حامیوں نے جشن منایا،نعرے لگائے اور کامیاب امیدوار کے حق میں اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ پارٹی کارکنوں نے اسے حویلی میں پیپلزپارٹی کی اہم سیاسی کامیابی قرار دیا۔حویلی کے انتخابی نتیجے کی سیاسی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں باغ اور حویلی کے حلقے کئی برس سے اہم سیاسی وزن رکھتے ہیں اور یہاں کے نتائج مجموعی طور پر ایوان کی سیاسی سمت پر بھی اثرانداز ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب آزاد کشمیر اسمبلی کے مجموعی انتخابی منظرنامے میں مسلم لیگ ن نے اب تک 24 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے حصے میں 11 نشستیں آئی ہیں۔حویلی سے فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی نے پیپلزپارٹی کے پارلیمانی حصے میں مزید اضافہ کیا ہے اور پارٹی کے لیے اسے سیاسی طور پر اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا تعلق آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک معروف سیاسی خاندان سے ہے۔وہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر ممتاز حسین راٹھور کے صاحبزادے ہیں،جنہیں پاکستان پیپلزپارٹی کے دیرینہ اور نظریاتی کارکنوں میں شمار کیا جاتا تھا۔ممتاز حسین راٹھور نے مشکل سیاسی ادوار میں بھی پارٹی کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھی اور آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی سیاست کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔فیصل ممتاز راٹھور کی والدہ فرحت راٹھور بھی قانون ساز اسمبلی کی رکن رہ چکی ہیں اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شعبہ خواتین کی قیادت سے وابستہ رہی ہیں۔راٹھور خاندان کو آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کے ان خاندانوں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے طویل عرصے تک پارٹی کی سیاست میں فعال کردار ادا کیا۔فیصل ممتاز راٹھور خود بھی نوجوانی سے پاکستان پیپلزپارٹی کی تنظیمی اور سیاسی سرگرمیوں میں متحرک رہے ہیں۔پارٹی کے اندر انہیں نظریاتی اور متوسط طبقے کی سیاست کی نمائندگی کرنے والے رہنما کے طور پر دیکھا جاتا رہا ہے۔آزاد کشمیر کی سیاست میں گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران متعدد سیاسی اتار چڑھاو اور جماعتی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں تاہم فیصل ممتاز راٹھور نے پیپلزپارٹی سے اپنی وابستگی برقرار رکھی۔ پارٹی کے حلقوں کے مطابق مشکل سیاسی ادوار میں بھی انہوں نے جماعت کے ساتھ کھڑے رہنے کو ترجیح دی اور تنظیمی سطح پر اپنا کردار جاری رکھا۔پارٹی ذرائع کے مطابق ان ہی سیاسی اوصاف اور دیرینہ وابستگی کے باعث فیصل ممتاز راٹھور کو پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کا اعتماد بھی حاصل رہا ہے۔ان کی کامیابی کو پارٹی حلقے حویلی میں ایک مضبوط سیاسی بنیاد کے تسلسل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔حویلی کے حتمی انتخابی نتیجے کے بعد اب راجہ فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پیپلزپارٹی کی نمائندگی کریں گے۔ان کی کامیابی نے نہ صرف حلقے میں انتخابی مقابلے کا فیصلہ کردیا ہے بلکہ آزاد کشمیر کے مجموعی سیاسی منظرنامے میں بھی پیپلزپارٹی کی پوزیشن کو مزید اہم بنا دیا ہے۔