Home » خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی حمایت میں پیپلز پارٹی کا بڑا بیان،نیئر بخاری نے آئینی تجاویز دینے کا اعلان کردیا

خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی حمایت میں پیپلز پارٹی کا بڑا بیان،نیئر بخاری نے آئینی تجاویز دینے کا اعلان کردیا

by ahmedportugal
12 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ اگر وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے معاملے پر پیپلز پارٹی سے مشاورت کرتی ہے تو پارٹی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی تجاویز دے گی۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی ناکامی کی صورت میں گورنر کی تجویز پر گورنر راج نافذ کیا جاسکتا ہے اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا اقدام ماورائے آئین نہیں ہوگا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید نیئر حسین بخاری نے خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال انتہائی خراب ہے،دہشت گرد حملوں میں روزانہ افواج پاکستان،پولیس کے افسران و اہلکار اور عام شہری جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں جبکہ صوبے کے بعض علاقوں میں شہری شام کے بعد اپنے گھروں تک محدود رہنے پر مجبور ہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اپنے ضلع سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بھی شہریوں کو سیکیورٹی خدشات کا سامنا ہے۔انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت اور صوبائی ذمہ داران سے سوال کیا کہ وہ دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے جنازوں میں کیوں شریک نہیں ہوتے؟۔

نیئر بخاری نے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں عوامی مسائل کے بجائے ایک فرد کی رہائی کا معاملہ نمایاں ہے،اسلام آباد کی جانب مارچ کے لیے صوبائی وسائل کا استعمال اور اختیارات کا مبینہ غلط استعمال تشویش کا باعث ہے،تحریک انصاف کو کسی بھی قسم کا سیاسی ریلیف مزاحمت یا تصادم کے ذریعے نہیں بلکہ عدالتی عمل کے ذریعے حاصل ہوگا،سیاسی معاملات کو سڑکوں پر لانے کے بجائے آئینی اور قانونی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور گفت و شنید پر یقین رکھتی ہے،پیپلز پارٹی نے ماضی میں اپنے سخت ترین سیاسی مخالفین کے ساتھ بھی مذاکرات کیے اور قومی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے تحریک انصاف کے سیاسی طرز عمل پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا ماضی کا طرز عمل ان کے نزدیک قابل اعتماد نہیں رہا۔نیئر بخاری نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف اس وقت اندرونی دھڑے بندی کا شکار ہے اور مختلف دھڑے اپنے اپنے موقف کے ساتھ سامنے آرہے ہیں،پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی و جمہوری حق ہے لیکن سیاست کی آڑ میں ریاستی اداروں یا ریاست پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ پرتشدد واقعات کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے قانون کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔گورنر راج کے معاملے پر نیئر بخاری نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت اس حوالے سے پیپلز پارٹی سے باضابطہ مشاورت کرتی ہے تو پارٹی آئینی تقاضوں اور دستیاب قانونی راستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کرے گی،صوبائی حکومت کی ناکامی کی صورت میں آئینی طریقہ کار کے مطابق گورنر کی تجویز پر گورنر راج نافذ کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا معاملہ گزشتہ چند روز سے وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے باعث نمایاں اہمیت اختیار کرگیا ہے۔وفاقی حکام کی جانب سے صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور مجوزہ اسلام آباد لانگ مارچ کے تناظر میں مختلف آئینی آپشنز پر غور کی بات کی گئی ہے تاہم تاحال گورنر راج نافذ کرنے کا کوئی حتمی حکم جاری نہیں ہوا۔ادھر تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی ہے۔نیئر حسین بخاری کے مطابق کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو دعوت نامہ بھیج دیا گیا ہے اور پارٹی کے اعلیٰ فورم مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں اس معاملے پر فیصلہ کیا جائے گا۔

نیئر بخاری نے سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی روایت کو آگے بڑھایا جانا چاہیے جبکہ سیاسی جماعتوں کو ملک میں امن،آئین کی بالادستی اور جمہوری عمل کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔خیبرپختونخوا کی صورتحال کے حوالے سے موجودہ سیاسی تناظر میں وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر راج،ایمرجنسی اور مذاکرات سمیت مختلف آپشنز پر غور کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں جبکہ صوبائی حکومت اس قسم کے اقدامات کی مخالفت کر رہی ہے۔یوں خیبرپختونخوا میں امن و امان، صوبائی حکومت اور وفاق کے درمیان کشیدگی،مجوزہ اسلام آباد مارچ اور ممکنہ گورنر راج کا معاملہ بیک وقت سیاسی منظرنامے کا اہم موضوع بن گیا ہے جبکہ آئندہ دنوں میں وفاقی حکومت کی مشاورت اور ممکنہ فیصلے سے صورتحال کی سمت مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز