Home » آزاد کشمیر الیکشن متنازع، پیپلز پارٹی نے شواہد میز پر رکھ دیے،الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ

آزاد کشمیر الیکشن متنازع، پیپلز پارٹی نے شواہد میز پر رکھ دیے،الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ

by ahmedportugal
14 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حالیہ انتخابات پر سنگین تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ جن حلقوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے شواہد موجود ہیں،وہاں قانون کے مطابق فوری اور شفاف کارروائی کی جائے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حلقہ ایل اے 12 سے متعلق ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں مبینہ دھاندلی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے اور اس ضمن میں دستیاب شواہد متعلقہ حکام کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ثبوت موجود ہیں تو ان کی روشنی میں فیصلہ کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور یہ مطالبہ کسی طور غیر مناسب نہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ انہوں نے اس معاملے پر چیف جسٹس کی توجہ بھی مبذول کرائی تھی تاہم 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔انہوں نے زور دیا کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان اعتراضات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جانا چاہیے تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض حلقوں میں پولنگ کے عمل کو متاثر کیا گیا،ووٹروں کو پولنگ سٹیشنز سے باہر نکالا گیا جبکہ ایل اے 12 میں بیلٹ باکس اور ووٹوں کو آگ لگانے کا واقعہ بھی پیش آیا،پیپلز پارٹی نے ان معاملات پر باضابطہ طور پر چیف الیکشن کمشنر سے رجوع کیا اور نتائج روکنے کی درخواست بھی کی تھی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارٹی تمام متنازع حلقوں کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ نہیں کر رہی بلکہ جہاں ٹھوس شواہد موجود ہیں،کم از کم ان مخصوص پولنگ سٹیشنز پر کارروائی کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ ایل اے 12 کے 25 پولنگ سٹیشنز سے متعلق شواہد الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرا دیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے انعقاد کے بعد یہ کہنا درست نہیں کہ معاملہ ختم ہو چکا ہے،کیونکہ قانونی عمل کے مزید مراحل باقی ہوتے ہیں۔ان کے مطابق ہر ہارنے والا اعتراض ضرور کرتا ہے لیکن جن اعتراضات کی بنیاد ٹھوس شواہد پر ہو،انہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔راجہ پرویز اشرف نے چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی کے تحفظات کا غیر جانبدارانہ اور شفاف جائزہ لیا جائے تاکہ انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد بحال ہو اور جمہوری نظام کی ساکھ مضبوط ہو سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز