کراکس(ایگزو نیوز ڈیسک)وینزویلا میں یکے بعد دیگرے آنے والے شدید زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق ریکٹر اسکیل پر 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں نے دارالحکومت کراکس سمیت مختلف علاقوں کو بری طرح متاثر کیا، جہاں کثیر المنزلہ عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں اور شہری خوف و ہراس کے عالم میں گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے۔
ایگزو نیوز کے مطابق حکام نے فوری طور پر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے سونامی وارننگ بھی جاری کی جبکہ سکولوں اور ٹرین سروس کو معطل کر دیا گیا ہے۔ امدادی اداروں نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ زلزلے کا مرکز کراکس سے تقریباً 284 کلومیٹر دور واقع بتایا گیا ہے۔وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے قومی خطاب میں تصدیق کی کہ مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈہ مائیکیتیا شدید نقصان کے باعث بند کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق زلزلوں کے بعد آنے والے تقریباً دو درجن آفٹر شاکس نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے اور نقصانات کا مکمل اندازہ ابھی لگایا جا رہا ہے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ان زلزلوں کے اثرات خطے سے باہر بھی محسوس کیے گئے، جبکہ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تباہی کا دائرہ وسیع ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب جاپان کے شمالی علاقوں میں بھی 6.9 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے جھٹکے ٹوکیو تک محسوس کیے گئے، تاہم وہاں فوری طور پر کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ماہرین کے مطابق وینزویلا میں آنے والے حالیہ زلزلے خطے کی حالیہ تاریخ کے طاقتور ترین زلزلوں میں شمار ہو سکتے ہیں، جنہوں نے نہ صرف انسانی جانوں کو نقصان پہنچایا بلکہ ملکی انفراسٹرکچر کو بھی شدید متاثر کیا ہے، جبکہ ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
دو بڑے زلزلوں نے وینزویلا کو ہلا دیا،عمارتیں زمین بوس،درجنوں ہلاک،سینکڑوں زخمی،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ
9