اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے ملک میں جاری بجلی بحران کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل این جی کی تازہ کھیپ موصول ہونے کے بعد لوڈ مینجمنٹ اور لوڈشیڈنگ کا سلسلہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق بروقت اقدامات اور ایندھن کی دستیابی سے پاور سسٹم کو استحکام ملا ہے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو گئی ہے۔ حکومت کا مو¿قف ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی صارفین کو اسی تسلسل کے ساتھ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ ایل این جی کی نئی کھیپ موصول ہونے کے بعد ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کا مکمل خاتمہ ہو چکا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں صارفین کو لوڈشیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران عوام کو وقتی طور پر لوڈ مینجمنٹ کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم گزشتہ روز ایل این جی کی فراہمی کے بعد صورتحال معمول پر آ گئی ہے اور بجلی کی سپلائی بحال ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو مہنگی بجلی کے بوجھ سے زیادہ سے زیادہ محفوظ رکھا جائے۔اویس لغاری نے بتایا کہ اس وقت پن بجلی سے پیداوار بڑھ کر تقریباً 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ مجموعی نظام میں مختلف ذرائع سے بجلی کی پیداوار معمول کے مطابق جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات گیس کی قلت کے باعث فرنس آئل اور دیگر مہنگے ذرائع سے بھی بجلی پیدا کرنا پڑتی ہے۔ وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ حکومت نے فوری اقدامات کرتے ہوئے مہنگی درآمدی گیس حاصل کی، جس کے باعث لوڈ مینجمنٹ کا مرحلہ ختم کیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر نظام اسی طرح مستحکم رہا تو مستقبل میں بھی لوڈشیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ ملک کی مجموعی بجلی پیداوار 46 ہزار میگا واٹ نہیں بلکہ 32 ہزار میگا واٹ کے قریب ہے، جبکہ مختلف موسموں میں پیداوار میں اتار چڑھاو¿ آتا رہتا ہے۔ ان کے مطابق 19 اپریل سے 29 اپریل کے دوران لوڈ مینجمنٹ کو محدود سطح پر 2 سے 2.5 گھنٹے تک رکھا گیا تھا، جو اب ختم کر دیا گیا ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ پانی کے ذخائر اور ڈیمز سے پیداوار کا انحصار ارسا اور صوبوں کی ضروریات پر ہوتا ہے، جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ بجلی کے نظام کو زیادہ سے زیادہ مستحکم اور صارف دوست بنایا جائے۔
ایل این جی کی آمد سے لوڈشیڈنگ ختم،بجلی بحران پر قابو پا لیا،اویس لغاری کا بڑا دعویٰ
9