لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب جاندار اور موثر تھا،جس میں پاکستان نے بیک وقت فلسطین اور کشمیر کے تنازعات پر بھرپور آواز اٹھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا خطاب عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو اجاگر کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے پاک سعودی دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس معاہدے کو محض دو ملکوں کے درمیان تعاون تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے پورے عالم اسلام کے وسیع تر اتحاد اور اجتماعی دفاع کی بنیاد بنایا جائے، مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف اتحاد امت کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے، خاص طور پر فلسطین اور کشمیر جیسے سلگتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے امت مسلمہ کا اتحاد ناگزیر ہے، پاکستان کا عالمی فورمز پر دونوں تنازعات پر دوٹوک موقف اختیار کرنا امت مسلمہ کے لیے امید کی کرن ہے اور یہی موقف خطے میں پائیدار امن کا ذریعہ بن سکتا ہے۔انہوں نے اندرونی معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پنجاب اب تک بلدیاتی انتخابات سے محروم ہے، جبکہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں موجودہ بلدیاتی نظام بے اختیار ہے جس کے باعث عوامی مسائل جوں کے توں ہیں، موثر بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت کا حقیقی ثمر عوام تک نہیں پہنچ سکتا۔معاشی بحران کے حوالے سے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کے لیے توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں، آئی پی پیز کے حوالے سے حکومتی اور چینی کمپنیوں کے درمیان مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں تاکہ بجلی کی پیداوار میں تسلسل قائم رہ سکے، سستی بجلی اور سستا تیل ہی ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کا اصل نسخہ ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ اگر حکومت عوامی مسائل کے حل کو اپنی ترجیح بنائے اور قومی یکجہتی کے ساتھ فیصلے کرے تو پاکستان مشکل حالات سے نکل سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اتحاد، شفاف حکمرانی اور عوام دوست پالیسیوں کے ذریعے ہی ملک کو سیاسی و معاشی استحکام کی طرف بڑھایا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم کا خطاب جاندار،پاک سعودی معاہدہ تازہ ہوا کا جھونکا،لیاقت بلوچ شہباز شریف کے گن گانے لگے
19
previous post