لاہور (اسلم مراد) پاکستان مسلم لیگ ن نے صوبہ پنجاب اور دارلحکومت اسلام آباد میں نئے بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر ن لیگ نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ہوا۔ جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے علاوہ پارٹی کے سینئر رہنما حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ اور وفاقی و صوبائی وزراء نے شرکت کی۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پارٹی رہنماوں سے مشاورت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بتایا کہ پارٹی قائد نے پنجاب میں فوری بلدیاتی انتخابات کروانے کی ہدایت کی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف چاہتے ہیں اسلام آباد اور پنجاب میں نئے بلدیاتی انتخابات سے پہلے اصلاحات کو پارلیمان سے منظور کروایا جائے۔ اور اس کے بعد انتخابات میں جایا جائے۔
واضح رہے کہ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر ن لیگ کا یہ اجلاس بہت اہمیت کا حامل تھا۔ کیونکہ اس میں پارٹی کی حکمت عملی اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں اہم فیصلے کیے گئے۔