اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں حلقہ شرقی باغ سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قانون ساز اسمبلی سردار میر اکبر نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی،اس حوالے سے وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے آزاد کشمیر کے سینئر پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے باضابطہ اعلان کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ پارٹی آزاد کشمیر کے مختلف حلقوں میں اپنے ساتھیوں کو دوبارہ اپنے گھر واپس لا رہی ہے، کچھ دوست مختلف وجوہات کی بنا پر پارٹی سے دور ہو گئے تھے مگر مسلم لیگ ن کی خواہش ہمیشہ یہی رہی کہ نظریاتی کارکن اور رہنما دوبارہ پارٹی میں شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ سردار میر اکبر کی واپسی پارٹی کے لیے خوش آئند ہے اور ان کی شمولیت سے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن مزید مضبوط ہوگی۔سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر اور سینئر لیگی رہنما راجا فاروق حیدر خان نے اس موقع پر کہا کہ سردار میر اکبر عملی طور پر پہلے بھی مسلم لیگ ن کے ساتھ تھے اور اب ان کی باضابطہ شمولیت سے ضلع باغ میں پارٹی کی تنظیمی قوت میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن حکومت قائم کرے گی۔
پریس کانفرنس میں راجا مشتاق احمد منہاس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں پارٹیوں کے درمیان آنا جانا ایک فطری عمل ہے،اچھے اور برے ادوار آتے رہتے ہیں تاہم اصل اہمیت پارٹی سے وابستگی اور نظریاتی استقامت کی ہوتی ہے،جو ہر قسم کے شک و شبہے سے بالا تر ہونی چاہیے۔وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر اب سب ایک ہیں اور مسلم لیگ ن کی قیادت میاں محمد نواز شریف کے ہاتھ میں مضبوط اور متحد ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کشمیری عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا جائے گا،کشمیری عوام پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں اور فرنٹ لائن پر کھڑے ہو کر قربانیاں دے رہے ہیں۔انجینئر امیر مقام نے بھارت کی آبی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے آخری حد تک جانے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد مسئلہ کشمیر پہلی بار عالمی سطح پر واضح انداز میں اجاگر ہوا ہے۔وفاقی وزیر نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو منظم اور مضبوط ہوتا دیکھ کر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی عوامی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
آزاد کشمیر سیاست میں اہم پیش رفت،مسلم لیگ ن کو بڑی کامیابی مل گئی،رکن قانون ساز اسمبلی سردار میر اکبر نواز شریف کو پیارے ہو گئے
0