Home » آزاد کشمیر میں حکومت سازی کیلئے ن لیگ کی مشاورت مکمل،نواز شریف کو وزیراعظم کے انتخاب کا اختیار دے دیا گیا

آزاد کشمیر میں حکومت سازی کیلئے ن لیگ کی مشاورت مکمل،نواز شریف کو وزیراعظم کے انتخاب کا اختیار دے دیا گیا

by ahmedportugal
31 views
A+A-
Reset

مری(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن نے مشاورت کا عمل تیز کردیا ہے۔مری میں پارٹی صدر نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں حکومت سازی،وزیراعظم،صدر،سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سمیت اہم آئینی و سیاسی عہدوں پر ممکنہ امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا جبکہ پارلیمانی پارٹی نے آزاد کشمیر کے قائدِ ایوان کے انتخاب کا حتمی اختیار نواز شریف کو سونپ دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور مختلف اہم عہدوں کے لیے ممکنہ امیدواروں کے نام زیرِ غور آئے۔پارٹی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار کے نام کا اعلان آئندہ چند روز میں کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے صدر کے منصب کے لیے شاہ غلام قادر جبکہ وزیراعظم کے عہدے کے لیے چوہدری طارق فاروق کا نام زیرِغور اور فیورٹ امیدواروں میں شامل ہے تاہم حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کی منظوری کے بعد ہی سامنے آئے گا۔اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوں کے لیے بھی مختلف ناموں پر غور کیا گیا جبکہ آئندہ پارلیمانی حکمت عملی اور حکومت کے انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اہم عہدوں پر ناموں کو حتمی شکل دینے کا عمل جاری ہے۔مسلم لیگ ن کی قیادت نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں سے ممکنہ روابط اور تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا۔حکومت کی تشکیل میں ضروری پارلیمانی حمایت اور سیاسی رابطہ کاری کے حوالے سے مشاورت کو آئندہ کا اہم مرحلہ قرار دیا جارہا ہے۔

اجلاس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے نام بھی زیرِ غور آئے۔ذرائع کے مطابق خواتین،ٹیکنوکریٹس،اوورسیز پاکستانیوں اور علما کی نشستوں کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں اور ناموں کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ حتمی فہرست پارٹی قیادت کی منظوری کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق نئی حکومت کی ترجیحات میں گڈ گورننس،تعمیر و ترقی،روزگار کے مواقع،بنیادی سہولیات اور عوامی فلاح و بہبود کو نمایاں مقام حاصل ہو گا۔پارٹی قیادت آزاد کشمیر میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا ارادہ رکھتی ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے آزاد کشمیر میں پنجاب کے ترقیاتی تجربے سے استفادہ کرنے اور مقامی ضروریات کے مطابق عوامی فلاح کے منصوبے شروع کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔اس سلسلے میں بنیادی ڈھانچے،صحت،تعلیم،روزگار اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی اقدامات پر توجہ مرکوز کیے جانے کا امکان ہے۔

مری میں ہونے والے اجلاس کو آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے ایک اہم مرحلہ قرار دیا جارہا ہے۔پارٹی قیادت نے نومنتخب اراکین کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے سیاسی و انتظامی عہدوں کے لیے ناموں کا ابتدائی جائزہ مکمل کرلیا ہے جبکہ قائدِ ایوان کے امیدوار کے انتخاب کا فیصلہ اب نواز شریف کی صوابدید پر چھوڑ دیا گیا ہے۔دستیاب اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر میں قائدِ ایوان،سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا عمل آئندہ ہفتے مکمل ہونے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے حتمی شیڈول اور امیدواروں کے نام متعلقہ فورمز کی رسمی کارروائی کے بعد واضح ہوں گے۔یوں مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں انتخابی کامیابی کے بعد حکومت سازی کے اگلے مرحلے میں باضابطہ طور پر قدم رکھ دیا ہے جبکہ وزیراعظم کے امیدوار کے انتخاب سے لے کر مخصوص نشستوں اور دیگر اہم آئینی عہدوں تک فیصلوں کا مرکز اب پارٹی قیادت کی مشاورت اور نواز شریف کے حتمی فیصلے کو قرار دیا جارہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز