Home » آزاد کشمیر اسمبلی میں ن لیگ کا دبنگ آغاز،طارق فاروق سپیکر اور احمد رضا قادری ڈپٹی سپیکر منتخب

آزاد کشمیر اسمبلی میں ن لیگ کا دبنگ آغاز،طارق فاروق سپیکر اور احمد رضا قادری ڈپٹی سپیکر منتخب

by ahmedportugal
16 views
A+A-
Reset

مظفر آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے دونوں اہم عہدے اپنے نام کرلیے۔مسلم لیگ ن کے امیدوار چودھری طارق فاروق 32 ووٹ حاصل کرکے سپیکر جبکہ احمد رضا قادری بھی 32 ووٹ لے کر ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سپیکر کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی میں ہونے والی پولنگ میں مسلم لیگ ن کے چودھری طارق فاروق نے 32 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مد مقابل پیپلز پارٹی کے چودھری قاسم مجید کو 14 ووٹ ملے۔یوں طارق فاروق نے واضح اکثریت کے ساتھ سپیکر کا منصب حاصل کرلیا۔ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں بھی مسلم لیگ ن کے امیدوار احمد رضا قادری نے 32 ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی جبکہ ان کے مقابل امیدوار عامر غفار لون کو 14 ووٹ مل سکے۔ دونوں اہم عہدوں پر مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی کامیابی کے بعد اسمبلی میں پارٹی کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے۔بعد ازاں نومنتخب سپیکر چودھری طارق فاروق نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران احمد رضا قادری سے ڈپٹی سپیکر کے عہدے کا حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان، اسمبلی سیکرٹریٹ کے حکام اور دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔احمد رضا قادری نے حلف اٹھانے کے بعد ڈپٹی سپیکر کی حیثیت سے اپنی آئینی و پارلیمانی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔اس موقع پر سپیکر چودھری طارق فاروق اور دیگر ارکان اسمبلی نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے نئے منصب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔حلف برداری کے موقع پر احمد رضا قادری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں آئین، قانون اور اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیں گے اور ایوان کی کارروائی کو موثر اور جمہوری انداز میں آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

آزاد کشمیر اسمبلی کی حالیہ سیاسی تشکیل میں مسلم لیگ ن کی پوزیشن کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔گزشتہ روز مخصوص نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں بھی مسلم لیگ ن نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 8 میں سے 6 نشستیں اپنے نام کی تھیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 2 نشستیں حاصل کی تھیں۔اس سے قبل قانون ساز اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے بھی حلف اٹھایا تھا۔دستیاب انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے 31 نشستیں حاصل کیں جبکہ پیپلز پارٹی کے حصے میں 14 نشستیں آئیں۔ عوامی دست بازو کی ایک نشست پر مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کے بعد حکمران جماعت کی مجموعی تعداد 32 تک پہنچ گئی۔پونچھ اور سدھنوتی کی بعض نشستوں پر انتخابی عمل مکمل نہ ہونے کے باعث اسمبلی کی مجموعی تشکیل ابھی مکمل نہیں ہوئی تاہم دستیاب ارکان کی بنیاد پر سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخابات کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے۔اس پیش رفت کے بعد آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی برتری مزید نمایاں ہوگئی ہے اور اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے دونوں عہدے پارٹی کے پاس آنے سے آئندہ قانون سازی اور ایوان کی کارروائی میں حکمران جماعت کی پوزیشن مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز