اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ عوام کے لیے بڑا ریلیف پیکج دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق اہم اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب نے پورے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے،مشکل وقت میں عوام کے دکھوں پر مرہم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں،متاثرین کے ریسکیو اور بحالی کے لیے وفاقی و صوبائی ادارے اپنی تمام تر کوششیں کر رہے ہیں اور جب تک سیلاب متاثرین اپنے گھروں میں واپس نہیں چلے جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی بل معاف کر دیے گئے ہیں،ان صارفین نے جو بل پہلے ہی ادا کر دیا ہے،ان کی رقم اگلے ماہ کے بل میں ایڈجسٹ کر دی جائے گی۔اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،گھریلو صارفین کے بجلی بل وفاقی حکومت اپنے وسائل سے ادا کرے گی،۔وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے ملک کے مختلف حصے شدید متاثر ہوئے ہیں،قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ لوگوں کے مال مویشی،فصلیں اور مکانات تباہ ہوئے،جس نے ہزاروں خاندانوں کو مشکلات میں ڈال دیا،اشیائے خورونوش کی فراہمی،صحت کی سہولتوں اور دیگر امدادی سرگرمیوں میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں،پاک فوج اور عوام مل کر حصہ لے رہے ہیں۔وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ زرعی،کمرشل اور صنعتی شعبوں سے وابستہ بجلی صارفین کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور اگست کے بلوں کی وصولی موخر کر دی گئی ہے،اگر تخمینے میں نقصانات زیادہ نکلے تو حکومت مزید ریلیف اقدامات پر غور کرے گی۔شہباز شریف نے واضح کیا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان کے بقول جب تک متاثرہ خاندان اپنے گھروں میں واپس نہیں پہنچ جاتے،ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے،سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا ہر ممکن ازالہ کیا جائے گا۔
سیلاب متاثرین کیلئے وزیر اعظم کا اعلان،اگست کے گھریلو بجلی بل معاف،ادا شدہ رقوم واپس ہوں گی
13