وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پاور شو میں استعمال کیے جانے والے "نامناسب زبان” کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
واضح رہے کہ اتوار کو پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں پاور شو کا انعقاد کیا جس میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے مبینہ طور پر اپنے مخالفین کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔ انہوں نے اپنے پنجاب کے ہم منصب کے بارے میں بھی تضحیک آمیز کلمات کا استعمال کیا۔ اپنے مخالفین کو نشانہ بنانے کے علاوہ، اتوار کے پاور شو میں صوبائی چیف ایگزیکٹیو نے صحافیوں پر الزامات بھی لگائے، اور بغیر ثبوت کے اُن کو دلال قرار دیا۔
وزیراعظم نے سیاسی استحکام اور پالیسیوں میں تسلسل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو معاشی دلدل سے نکالنے کے لیے سب کو اکٹھا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک سے دہشت گردی کا تقریباً خاتمہ ہو چکا ہے لیکن بدقسمتی سے ملک کے بعض حصوں میں یہ دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔ تاہم انہوں نے اس لعنت کو دوبارہ جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کیا۔
وزیر اعظم شہباز نے اگست 2024 میں مہنگائی میں 9.6 فیصد کمی کو حکومت کے موثر معاشی اقدامات کا ثبوت قرار دیا۔