اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف آئندہ دنوں میں سعودی عرب کا اہم اور فیصلہ کن دورہ کرنے جا رہے ہیں جسے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں ایک نئے سنگ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس دورے کے دوران متعدد نئے معاہدے طے پانے کا قوی امکان ہے، جن میں بالخصوص معاشی اور تجارتی شعبے کے معاہدے شامل ہیں۔رانا تنویر حسین کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ برادرانہ اور قریبی نوعیت کے رہے ہیں تاہم وزیر اعظم کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ سعودی عرب کو پاکستان کا سب سے بڑا معاشی شراکت دار قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں توانائی، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر اور تجارت کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دی گئی ہے اور یہ دورہ اس سفر کو مزید آگے بڑھائے گا۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم کا یہ دورہ نہ صرف سرمایہ کاری اور معیشت کے نئے دروازے کھولے گا بلکہ خطے میں ترقی و استحکام کی نئی راہیں بھی ہموار کرے گا۔ ان کے مطابق حکومت پاکستان اپنی خارجہ پالیسی میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور یہ تعلقات مستقبل میں دونوں ممالک کے عوام کے لیے بے شمار مواقع پیدا کریں گے۔رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان خطے میں معاشی استحکام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سعودی عرب کے ساتھ مضبوط شراکت داری اس وژن کی تکمیل کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کا فیصلہ کن دورہ متوقع،معیشت و سرمایہ کاری میں نئے معاہدوں کا امکان
10