(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے بہت جلد مشکلات سے نکل آئے گا، توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں کا حل حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے ۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں ایک تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گردشی قرضہ سالہا سال سے توانائی کے شعبے کو متاثر کر رہا تھا، یہ نہ صرف وسائل کو نگل رہا تھا بلکہ بجلی کے نظام پر بھی دباو بڑھا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاملات طے کرنا آسان نہیں تھا، لیکن وزیر توانائی کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس نے بہترین کارکردگی دکھائی اور اس بڑے مسئلے کے حل کی راہ ہموار کی۔شہباز شریف نے کہا کہ گردشی قرضے پر قابو پانے کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے اور اس ضمن میں تمام ٹیم کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ آئندہ مرحلہ کمپنیوں کی نجکاری اور نقصان کے ازالے کا ہے تا کہ توانائی کا شعبہ مکمل طور پر پائیدار بنیادوں پر کھڑا ہو سکے۔وزیر اعظم نے انکشاف کیا کہ حالیہ ملاقات میں آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر نے پاکستان کی معاشی بہتری کی تعریف کی اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر محنت اور دیانتداری سے کام جاری رکھا گیا تو کامیابی قوم کے قدم چومے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف صرف قرضوں سے نجات نہیں بلکہ ملکی معیشت کو مضبوط اور خودکفیل بنانا ہے اور یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر پاکستان مشکلات کے اندھیروں سے نکل کر ترقی کی روشنی کی طرف بڑھ سکتا ہے۔
گردشی قرضوں کے طوفان پر قابو،پاکستان جلد مشکلات سے نکل آئے گا،وزیرِ اعظم شہباز شریف کا عزم
5