لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف مرحوم مہتمم اعلیٰ جامعہ اشرفیہ لاہور مولانا فضل الرحیم اشرفی کی وفات پر تعزیت کے لیے جامعہ اشرفیہ پہنچے، جہاں انہوں نے موجودہ مہتمم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید سے ملاقات کی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا،اس موقع پر نائب مہتمم اعلیٰ حافظ اسد عبید،نائب مہتمم و مرحوم کے صاحبزادے زبیر حسن،ناظم اعلیٰ قاری مولانا اویس حسن،مولانا قاری محمد حنیف جالندھری،مولانا مجیب الرحمن انقلابی بھی موجود تھے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی جبکہ مولانا فضل الرحیم اشرفی کی دینی،علمی اور اصلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی اسلام کے لیے خدمات کو عالمِ اسلام میں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحیم اشرفی نے علم و عمل کے ذریعے دینی اقدار کے فروغ اور امت کے اتحاد کے لیے گراں قدر کردار ادا کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد محترم میاں محمد شریف کے ہمراہ طویل عرصے تک جامعہ اشرفیہ میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے باقاعدگی سے آتے رہے اور اس ادارے سے ان کی وابستگی ہمیشہ باعثِ فخر رہی ہے۔انہوں نے جامعہ اشرفیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ہمیشہ امتِ مسلمہ کو جوڑنے، اعتدال اور ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ رہا ہے،جو ہر لحاظ سے قابل ستائش ہے۔دورے کے دوران سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ،بدر شہباز وڑائچ اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طلحہ برکی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔تعزیتی اجتماع میں ملک و ملت کے لیے مرحوم کی خدمات کو یاد کیا گیا اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جامعہ اشرفیہ آمد،مرحوم مولانا فضل الرحیم اشرفی کی دینی،علمی اور اصلاحی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین
8