اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہیں اور انہیں کسی بھی قسم کی جارحیت کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار ایٹمی قوت کے طور پر تسلیم کرتی ہے اور قومی سلامتی کے تقاضوں کے ساتھ ساتھ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے صرف اور صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہیں اور انہیں کسی بھی جارحیت کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار ایٹمی قوت کے طور پر تسلیم کرتی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کو معاشی طور پر بھی مضبوط بنایا جائے تاکہ تمام چیلنجز کا موثر مقابلہ کیا جا سکے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران خطے میں جنگی صورتحال کے باعث کشیدگی برقرار رہی جس کے اثرات پاکستان سمیت خطے کی معیشتوں پر بھی مرتب ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ عارضی جنگ بندی کے باوجود عالمی اور علاقائی حالات نے معاشی چیلنجز میں اضافہ کیا ہے تاہم حکومت صورتحال سے نمٹنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد ناگزیر ہے اور ”معرکہ حق“ کے دوران پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن کو ایسا سبق سکھایا گیا ہے جو وہ طویل عرصے تک یاد رکھے گا۔اجلاس کے دوران اٹک میں خودکش حملے کو ناکام بنانے والے لیاقت شہید کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی قربانی کو قومی سلامتی کے لیے ایک عظیم مثال قرار دیا گیا۔