اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی افریقہ اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں وزیراعظم ہاوس میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں دونوں ممالک کے کھلاڑیوں، ٹیم انتظامیہ اور اعلیٰ حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔
ایگزو نیوز کے مطابق عشائیے کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان سے خوشگوار انداز میں گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہتا ہے، جنوبی افریقہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور کھیل خصوصاً کرکٹ نے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جاری سیریز محض ایک کھیل نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام،دوستی اور کھیلوں کے فروغ کی علامت ہے۔انہوں نے جنوبی افریقہ کے عظیم کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی نے کرکٹ کی دنیا میں نئی مثالیں قائم کی ہیں۔شہباز شریف نے پاکستانی کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹرز نے ہمیشہ اپنے جذبے،مہارت اور عزم سے ملک و قوم کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے،توقع ہے کہ پاکستان ٹیم اپنی شاندار روایات برقرار رکھتے ہوئے اس سیریز میں بھی بہترین کارکردگی دکھائے گی۔
انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان کرکٹ میں استحکام اور ترقی کے نئے باب رقم ہوں گے۔وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ یہ مختلف ممالک کے عوام کو جوڑنے،بھائی چارے اور امن کے فروغ کا ایک موثر ذریعہ ہے،پاکستان بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور عالمی سطح کے کھیلوں کی میزبانی کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔جنوبی افریقی ٹیم کے انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے عشائیے کے موقع پر حکومت پاکستان اور عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ ان کے لیے یادگار تجربہ ثابت ہوا ہے اور وہ پاکستانی شائقین کی محبت اور جوش و خروش سے بے حد متاثر ہیں۔تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب،وفاقی وزیر تجارت جام کمال،وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے،جنہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔