Home » جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شدید اظہار تشویش،فریقین سے تحمل کا مطالبہ

جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شدید اظہار تشویش،فریقین سے تحمل کا مطالبہ

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ایران ،امریکہ ،اسرائیل جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات جاری امن عمل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور طے شدہ جنگ بندی کا مکمل احترام یقینی بنائیں تاکہ سفارتی کوششوں کو کامیاب بنایا جا سکے اور خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جنگی علاقے میں چند مقامات پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات امن عمل کی روح کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔انہوں نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل، ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تاکہ جاری سفارتی عمل کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ طے شدہ دو ہفتوں کی جنگ بندی کا مکمل احترام ناگزیر ہے، اگر جنگ بندی برقرار رہی تو سفارتکاری کو تنازع کے پرامن حل کا حقیقی موقع ملے گا اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی اور دونوں فریقین نے جنگ بندی پر اتفاق کیا۔امریکی جانب سے ایران پر ممکنہ بڑا حملہ موخر کیے جانے اور ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کو بھی اس پیش رفت کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا،جس میں انہوں نے 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے اہم مذاکرات میں شرکت کی دعوت قبول کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اس مجوزہ اجلاس کو علاقائی اور عالمی امن کے تناظر میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں انہیں خلیج میں کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کی کوششوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق کابینہ ارکان نے وزیراعظم،نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور ان سفارتی کوششوں کو تاریخی قرار دیا۔کابینہ نے قوم سے اپیل کی کہ جمعہ کے روز پاکستان اور خطے میں مستقل امن کے قیام کے لیے خصوصی دعا کی جائے۔ارکان نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ملک کی معاشی ترقی اور علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ سفارتی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور آج دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار اور موثر ریاست کے طور پر دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک ”بدلا ہوا پاکستان“ ہے جس نے عالمی سطح پر اپنا مثبت کردار منوایا ہے۔وزیراعظم نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہنمائی، صدر آصف علی زرداری کی معاونت اور بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر سیاسی رہنماوں کے تعاون کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ امریکی اور ایرانی وفود ان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے،جو امن عمل کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ہونے والی اپنی حالیہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سعودی عرب،قطر،متحدہ عرب امارات اور چین کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے کشیدگی کم کرنے میں مثبت کردار ادا کیا۔وزیراعظم کے مطابق نائب وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے مسلسل ایک ماہ سے زائد عرصہ سفارتی سطح پر انتھک محنت کی جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی اہم عالمی رہنماوں سے رابطوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے اس ہم آہنگی کو ملکی تاریخ میں سیاسی و عسکری قیادت کے درمیان ایک غیر معمولی تعاون قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے شعلے وقتی طور پر بجھ چکے ہیں اور اگر یہی سنجیدگی برقرار رہی تو انہیں ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکتا ہے،اللہ تعالیٰ کے فضل اور قومی قیادت کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت اور وقار حاصل ہوا ہے اور یہی وقت ہے کہ اس موقع کو مستقل امن میں تبدیل کیا جائے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز