اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کی اصولی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیریوں کی آزادانہ طور پر ظاہر کردہ خواہشات اور امنگوں کا احترام ہی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کی بنیاد ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یومِ الحاقِ پاکستان پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان مضبوط، تاریخی اور نظریاتی رشتوں کی عکاسی کرتا ہے، جو مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور جغرافیائی وابستگی پر استوار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ دن اس بنیادی اصول کو اجاگر کرتا ہے کہ کشمیری عوام کی آواز کو ہر صورت سنا اور تسلیم کیا جانا چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ جموں و کشمیر کا دیرینہ اور غیر حل شدہ تنازع نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن و سلامتی پر بھی گہرے اثرات مرتب کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام اسی صورت ممکن ہے جب اس تنازع کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن ذرائع سے حل کیا جائے۔وزیراعظم نے بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے بے مثال جرات، استقامت اور قربانیوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے جب تک وہ اپنے حقِ خودارادیت کو آزادانہ طور پر استعمال کرنے کے قابل نہیں ہو جاتے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔واضح رہے کہ یومِ الحاقِ پاکستان ہر سال 19 جولائی کو اس تاریخی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جو 1947 میں سری نگر میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں منظور کی گئی تھی۔ اس قرارداد میں ریاست کے پاکستان سے الحاق کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا اور اسے کشمیری عوام کی اجتماعی سیاسی امنگوں کی نمائندگی قرار دیا جاتا ہے، جو آج بھی ان کی جدوجہد کا ایک اہم سنگِ میل سمجھی جاتی ہے۔
کشمیر پر اصولی حمایت جاری، حقِ خودارادیت سے کم کچھ قبول نہیں،یومِ الحاقِ پاکستان پر وزیر اعظم شہباز شریف کا دوٹوک موقف
12