ہریپور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے عوام کی جرات، قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف لازوال جدوجہد کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صوبے کے عوام نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر پاکستان میں امن و استحکام کے قیام میں فیصلہ کن کردار ادا کیا،خیبر پختونخوا کے عوام دہشت گردی کے خلاف صفِ اول میں کھڑے رہے اور ان کی قربانیاں ہمیشہ تاریخ کا روشن باب رہیں گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق ہری پور میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا دلیر،غیور اور بہادر عوام کا صوبہ ہے،یہاں کے عوام دہشت گردی کے خلاف طویل عرصے سے بہادری کے ساتھ نبردآزما ہیں،اس صوبے کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور آپ کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہوا،تاریخ آپ کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے جو مودی کبھی نہیں بھول سکے گا،اللہ کی مدد،قوم کی دعاوں اور افواجِ پاکستان کی بہادری سے پاکستان کو تاریخی فتح نصیب ہوئی،جس کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار اور عزت پہلے سے کہیں زیادہ بلند ہوئی ہے،بھارت چاہ کر بھی اس شکست کو فراموش نہیں کر سکتا، 6 اور 10 مئی کی جنگ میں افواجِ پاکستان نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہداء کا مذاق اڑانے والوں کے لیے نہ دنیا میں کوئی جگہ ہے اور نہ ہی وہ اللہ کی پکڑ سے بچ سکتے ہیں کیونکہ شہداء کی قربانیاں قوم کا فخر ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ 10 مئی کی فتح افواجِ پاکستان کی جرات، قربانی اور پوری قوم کی اجتماعی دعاوں کا نتیجہ تھی،جس نے پاکستان کو عالمی برادری میں ایک مضبوط، باوقار اور بااعتماد ریاست کے طور پر منوایا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جس طرح عسکری میدان میں کامیابیاں حاصل کی گئیں،اسی طرح معاشی، تعلیمی اور سماجی شعبوں میں بھی ملک کو آگے لے جایا جائے گا۔
وزیر اعظم نے تعلیم کے شعبے میں بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا بھر میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے جبکہ پورے ملک سے نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر اعلیٰ تربیت کے لیے زرعی شعبے میں جدید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے نوجوانوں کو قوم کا سب سے بڑا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے بتایا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب وہ سینکڑوں طلبہ کو چینی زبان سیکھنے کے لیے بیرونِ ملک بھجوا چکے ہیں اور آئندہ بھی تمام صوبوں سے با صلاحیت نوجوانوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جاتے رہیں گے۔وزیراعظم نے ہری پور کے لیے دانش سکول کے قیام، لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ کیمپس،خواتین کی ترقی،پل کی تعمیر اور معیاری تعلیم کی فراہمی جیسے اہم منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میکرو لیول پر استحکام حاصل کر چکا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جایا جائے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کریں کیونکہ پاکستان جادو ٹونے سے نہیں بلکہ محنت،اتحاد اور بھائی چارے سے ترقی کرے گا۔
شہباز شریف نے چاروں صوبوں کے باہمی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر تمام صوبے ایک دوسرے کا ساتھ دیں تو پاکستان کو ایک عظیم ملک بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ جس جذبے سے افواجِ پاکستان نے عسکری میدان میں کامیابی حاصل کی،اسی جذبے کو معاشی اور تعلیمی میدان میں بھی اپنانا ہو گا۔ وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا کے کلچر، عوام کے حوصلے اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا کی خدمات کی بھی تعریف کی۔انہوں نے انتخابی کامیابی پر مسلم لیگ ن کے امیدوار کو مبارک باد دی اور کہا کہ جمہوری جدوجہد اور محنت ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔آخر میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہری پور میں پلاٹس کی تقسیم مکمل میرٹ پر ہو گی،اس مقصد کے لیے کمیٹی قائم کی جائے گی جو قانون و انصاف کے تقاضے پورے کرے گی۔انہوں نے 28 کلومیٹر طویل پل کی تعمیر کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ عوام کی خدمت،خواتین کی ترقی،تعلیم اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،جس سے نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورا پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔