رحیم یارخان(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے اہم اور غیر معمولی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یو اے ای کے دوطرفہ تعلقات، تجارت، دفاعی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں اہم سفارتی اور اقتصادی معاملات زیر بحث آئے، جن کی تفصیلات اب سامنے آ گئی ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف رحیم یار خان پہنچ گئے جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے اہم ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق یہ ملاقات رحیم یار خان میں شیخ زید پیلس میں خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی روابط، دفاعی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور یو اے ای کے برادرانہ تعلقات کو باقاعدہ اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور آئی ٹی، توانائی، کان کنی و معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے۔ اس موقع پر دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی گفتگو کی گئی۔وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماوں نے 26 دسمبر کو اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کا بھی حوالہ دیا اور اس میں طے پانے والے امور پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی غیر معمولی ترقی اور قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای ترقی، استحکام اور خوشحالی کی شاندار مثال ہے۔شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات میں مقیم 21 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی پر یو اے ای حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ملاقات کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور اقتصادی، دفاعی اور تجارتی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے اہم ملاقات،کیا گفتگو ہوئی؟تفصیلات سامنے ا? گئیں
2