وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ایک بار پھر مل کر کام کرنے کی دعوت دے دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور جے یو آئی (ف) کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کی طرح دوبارہ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ ایک بار پھر ہماری رہنمائی کریں۔
جس پر مولانا فضل الرحمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا، ان کی جماعت کا موقف بدستور برقرار ہے۔ ہم وہیں ہیں جہاں ماضی میں تھے، آپ نے اپنا راستہ بدل لیا ہے۔
ترجمان جے یو آئی ف کے مطابق پارٹی نے وزیراعظم کو واضح پیغام پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت بھی دریافت کی۔
خیال رہے کہ صدر آصف علی زرداری نے بھی 24 اگست کو جے یو آئی (ف) کے سربراہ سے ملاقات کی تھی اور اُن کو حکومت کے ساتھ چلنے کی درخواست کی تھی۔