اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے وزیراعظم انوار ابراہیم کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر کوالالمپور روانہ ہو گئے ہیں، وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی شریک ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے ہم منصب انوار ابراہیم سے اہم ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، آئی ٹی اور ٹیلی کام، حلال انڈسٹری اور سرمایہ کاری سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی روابط کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی گفتگو ہوگی۔وزیراعظم کے اس دورے کو پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات میں نئی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سفارتی تعاون کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر ملائیشیا روانہ،مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے متوقع
6