Home » شہباز شریف کی صدر زرداری سے ملاقات،ایران امریکا مذاکرات پر وزیر اعظم کی تفصیلی بریفنگ

شہباز شریف کی صدر زرداری سے ملاقات،ایران امریکا مذاکرات پر وزیر اعظم کی تفصیلی بریفنگ

by ahmedportugal
9 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے مختلف پہلووں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے انہیں پیش رفت اور پاکستان کے سفارتی کردار سے آگاہ کیا جبکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے آئندہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں اہم ملاقات کرتے ہوئے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے تمام پہلووں پر تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں مکمل طور پر اعتماد میں لیا۔اس موقع پر نائب وزیر اعظم سینیٹر اسحاق ڈار،سینیٹر رانا ثناءاللہ،سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھیں۔ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے ثالثی کے کردار اور اس کے نتیجے میں حاصل ہونے والی پیش رفت پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے مذاکرات کے مختلف مراحل،پیش رفت اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے صدر مملکت کو اپنے آئندہ دورہ سعودی عرب اور ترکیے سے بھی آگاہ کیا،جہاں خطے کی بدلتی صورتحال اور امن عمل کے حوالے سے مزید مشاورت متوقع ہے۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران امریکا مذاکرات کی میزبانی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگ کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر سکیورٹی،معیشت اور سیاست پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے وزیراعظم،فیلڈ مارشل اور تمام ریاستی اداروں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور کلیدی ریاست کے طور پر اپنی حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے اور دنیا کے سامنے اپنی امن پسندی کی ساکھ کو ثابت کیا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کو امریکا،ایران اور دیگر علاقائی و عالمی طاقتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنا چاہیے تاکہ امن عمل کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے اور خطے میں ہم آہنگی کو فروغ ملے۔ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان آئندہ بھی امن کے قیام اور تنازعات کے حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور عالمی سطح پر ایک مثبت اور متوازن کردار ادا کرتا رہے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز