Home » وزیر اعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان،ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ امن منصوبے کی حمایت،پاکستان کو تاریخی کردار دینے کا عندیہ

وزیر اعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان،ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ امن منصوبے کی حمایت،پاکستان کو تاریخی کردار دینے کا عندیہ

by ahmedportugal
14 views
A+A-
Reset

لندن(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف  نے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ جنگ بندی منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہیں،فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان پائیدار امن خطے کے سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور صدر ٹرمپ اس اہم اور فوری معاہدے کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم نے ٹرمپ کی قیادت اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے دو ریاستی حل کو دیرپا امن کے لیے لازمی قرار دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ’ایکس‘ پر جاری بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں، جس کا مقصد غزہ میں جاری جنگ کا خاتمہ ہے، اسرائیل اور فلسطین کے درمیان پائیدار امن ہی خطے میں سیاسی استحکام اور معاشی خوشحالی کی ضمانت دے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نہایت اہم اور فوری نوعیت کے اس معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور پاکستان اس عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی قیادت اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے کردار کو بھی سراہا جو اس جنگ کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ وہ دو ریاستی حل کو خطے میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے دوٹوک موقف کو اجاگر کیا،غزہ میں 2023 سے جاری مظالم اور بربریت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔اس سے قبل لندن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم نے امریکی صدر سے اپنی ملاقات کو خوشگوار اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات پاک امریکہ تعلقات میں ایک نئے باب کی حیثیت رکھتی ہے،صدر ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے،ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری،آئی ٹی،زراعت، توانائی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔

وزیر اعظم  نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی کوششوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی،بصورت دیگر بڑے نقصانات ہوتے،پاکستانی عوام نے صدر ٹرمپ کو امن کے فروغ کی کوششوں پر نوبیل انعام برائے امن کے لیے نامزد کیا ہے۔انہوں  نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے دفاع اور خارجہ پالیسی کے میدان میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں،پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت خارجہ پالیسی سمیت تمام اہم معاملات پر ایک پیج پر ہے،میں اور فیلڈ مارشل ہر قومی مسئلے پر مشاورت کرتے ہیں،اقتصادی صورتحال کے حوالے سے بھی باہمی مشاورت کی جاتی ہے،دعا ہے یہ ہم آہنگی جاری رہے تا کہ ماضی کے نقصانات کا ازالہ ہو سکے،مجھ سمیت پوری قوم کی ایک ہی خواہش ہے کہ پاکستان معاشی طور پر مستحکم اور خوشحال ملک بن جائے،اپنے پاؤں پر کھڑا ہو،قرضوں سے نجات حاصل کرے،اپنی دولت خود پیدا کرے اور پاکستانی قوم میں نا صرف یہ صلاحیت ہے بلکہ اللہ نے ہمیں قدرتی وسائل اور نعمتوں سے مالامال کیا ہے،دوست اور برادر ممالک ہمارے ساتھ ہاتھ بڑھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا کو باور کرایا ہے کہ اس کی ایٹمی صلاحیت محض دفاعی مقاصد کے لیے ہے،اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجھے 24 کروڑ پاکستانیوں کی ترجمانی اور غزہ و کشمیر میں ظلم و بربریت و انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف،حقِ خود ارادیت کے لیے عالمی سطح پر بھرپور آواز اٹھانے کا موقع ملا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر ترکیہ رجب طیب اردوان کی میزبانی میں غزہ کے حوالے سے اسلامی ممالک کا اجلاس ہوا،مجھے یقین ہے کہ اس میٹنگ کے نتیجے میں مثبت پیشرفت سامنے آئے گی،اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستان نے اپنا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا اور غزہ و کشمیر کے مسئلے کو دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔افواج پاکستان نے بھارت کو جو سبق سکھایا ہے وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔۔وزیراعظم  نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ سابق حکومت نے دہشت گردوں کو رہا کرکے مسائل کو بڑھایا،پچھلے سالوں میں دہشت گردوں کی رہائی سے دہشتگردی نے دوبارہ جنم لیا مگر افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لیے برسرپیکار ہیں،ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پاکستان کی ترقی سے خائف دہشتگرد تنظیموں کا بھرپور صفایا کیا جائے گا۔انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ نئے دفاعی معاہدے کو دونوں برادر ممالک کی عوام کی خواہش قرار دیتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پاکستان کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔سیلاب کے نقصانات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب نے سندھ اور پنجاب میں ہزاروں دیہات تباہ کیے اور ایک ہزار سے زائد قیمتی جانیں گئیں مگر پاکستانی عوام کے حوصلے بلند ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بنیادی استحکام حاصل کرچکی ہے اور اب پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے،سعودی عرب کے حالیہ دورے میں پاکستانی وفد کو ملنے والا شاندار استقبال دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے،سعودی عرب میں پرپل کارپٹ کا پرتپاک استقبال پاکستانی عوام کے لیے ایک بڑی عزت اور احترام کا مظہر تھا، 24 کروڑ عوام کی اس عزت افزائی پر ہم سعودی فرمانروا کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز