وزیراعظم شہباز شریف نے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کو اس کے 94ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب 21ویں صدی کا عظیم ملک بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا ویژن 2030 پوری دنیا کیلئے ایک مثالی نمونہ ہے۔ آج کے دور میں سعودی عرب ٹیکنالوجی، معیشت اور دیگر شعبوں میں ترقی کے منازل طے کر رہا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہماری جڑیں مشترکہ ثقافت اور عقیدے میں پیوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے حالیہ استحکام میں سعودی عرب کے تعاون پر پوری قوم شکرگزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہمیشہ برقرار رہیں گے۔
واضح رہے کہ سعودی قومی دن کی تقریبات میں عام طور پر آتش بازی اور پریڈ ہوتی ہیں، جن میں عرب کی روایتی موسیقی، ثقافتی پرفارمنس اور روایتی لباس کی نمائش ہوتی ہے۔