اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے سول سروسز کو ملکی گورننس اور عوامی فلاح و بہبود کا بنیادی ڈھانچہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افسران کی کارکردگی اور قابلیت کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانا ضروری ہے۔انہوں نے سول سروسز میں اصلاحات پر کام کرنے والی کمیٹی کو ہدایت کی کہ افسران کی کارکردگی کی جامع جانچ کی بنیاد پر ترقی،مالی فوائد اور دیگر سہولیات کے نظام کی سفارشات مرتب کی جائیں تا کہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سول سروسز اصلاحات کی پیش رفت پر اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزرا،معاونین خصوصی اور تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم نے سول سروسز اصلاحات کو ملکی معاشی اور سماجی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ اصلاحات کا اصل مقصد موثر عوامی خدمت اور سہولیات کی فراہمی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اصلاحاتی اور عوامی فلاح و بہبود کی پالیسیوں کا ثمر عوام تک پہنچانے میں سول سروسز بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی سیکریٹریز کی کارکردگی جانچنے کے لیے جامع اور موثر نظام کی سفارشات مرتب کی جائیں اور اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے تا کہ سول سروس کی مجموعی بہتری ممکن ہو۔شہباز شریف نے کہا کہ مجوزہ اصلاحات میں سول انتظامیہ،تمام سروسز اور گروپس کے سٹیک ہولڈرز سے بامعنی مشاورت شامل ہونی چاہیے تا کہ سفارشات قابل عمل،دیرپا اور موثر عوامی سہولت فراہم کرنے والی ہوں۔انہوں نے کمیٹی کو خصوصی ہدایت دی کہ ترقی،مالی فوائد اور دیگر سہولیات کے نظام پر سفارشات مرتب کی جائیں تا کہ عوام کی زندگی میں واضح بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں کمیٹی نے سول سروسز میں اب تک کی مشاورت اور سفارشات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے تمام سٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ اصلاحات کے لیے تجاویز عملی اور اثر انگیز ہوں تا کہ پاکستان کی سول سروس عالمی معیار کی حامل اور جدید تقاضوں کے مطابق مضبوط ہو۔وفاقی وزراء اسحاق ڈار،محمد اورنگزیب،احسن اقبال،مصدق ملک،اعظم نذیر تارڑ،احد خان چیمہ،معاون خصوصی ہارون اختر کے علاوہ تمام صوبائی چیف سیکریٹریز اور متعلقہ سرکاری عہدے داران اجلاس میں شریک ہوئے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ سول سروسز اصلاحات کا مقصد صرف اداروں کی بہتری نہیں بلکہ عوام کو بروقت، شفاف اور موثر سہولیات فراہم کرنا ہے تا کہ معاشرتی ہم آہنگی،ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سول سروسز اصلاحات سے عوامی فلاح و بہبود کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ،وزیر اعظم نے بڑا قدم اٹھا لیا
5