وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے لبنانی ہم منصب نجیب میقاتی سے رابطہ کیا ہے، اور شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلا کیلئے مدد کی درخواست کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم میکاتی سے ذاتی طور پر رابطہ کیا اور بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی میں مدد کی درخواست کی۔
لبنانی وزیر اعظم میکاتی نے وزیر اعظم شہباز کو یقین دلایا کہ لبنان ان پھنسے ہوئے افراد کی ہر ممکن مدد کرے گا اور ان کی بحفاظت وطن واپسی میں سہولت فراہم کرے گا۔
لبنان کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے لبنان کیلئے جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا اور فلسطینی عوام کیلئے بھی اسی طرح کے جنگ بندی معاہدے پر زور دیا۔
اس کے بعد وزیراعظم نے شام اور لبنان میں پاکستان کے سفیروں سے بھی بات کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ شام میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ہر قسم کی ضروری مدد اور تعاون فراہم کریں۔