Home » ٹیکس چوروں اور سمگلروں کے خلاف شکنجہ مزید سخت،وزیر اعظم کا ایف بی آر اصلاحات تیز کرنے کا حکم

ٹیکس چوروں اور سمگلروں کے خلاف شکنجہ مزید سخت،وزیر اعظم کا ایف بی آر اصلاحات تیز کرنے کا حکم

by ahmedportugal
21 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری،سمگلنگ اور غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر اور تیز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ایف بی آر میں جاری اصلاحاتی عمل کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر زور دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات سے متعلق ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا،جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں جاری اصلاحات،پی آر اے ایل کی تنظیم نو اور ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت مختلف اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس نظام کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے آئی آر آئی ایس 3.0 کے ڈیزائن کی تیاری کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔حکام کے مطابق فیس لیس اسیسمنٹ کے نفاذ سے محاصل کی وصولی میں بہتری کے ساتھ درآمدی معاملات میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں جدید سینٹرل اسیسمنٹ یونٹ کا عبوری انتظام رواں سال 31 دسمبر تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ اس یونٹ کے مکمل اور مربوط کمپلیکس کو جون 2027 تک فعال بنانے کا منصوبہ ہے۔حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے دسمبر تک 4 ٹریلین روپے مالیت کی ریکارڈ ٹرانزیکشنز حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔حکومت کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کاروباری لین دین کی نگرانی بہتر بنانے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی کوششیں جاری ہیں۔اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ملک بھر میں قانونی پیٹرول پمپس کی جی آئی ایس ٹیگنگ مکمل کرلی گئی ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی جی پی ایس ٹریکنگ اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای آر پی) نظام کے ساتھ اس کی منسلک کاری بھی مکمل ہوچکی ہے۔حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سہولت کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت کی نگرانی سے متعلق مرکزی موبائل ایپ بھی فعال کردی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ”راہ گزر“ ایپ کے ذریعے 2 ہزار 500 غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں بند کیا گیا اور متعلقہ اداروں کے حوالے کردیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹیکس نظام میں جاری اصلاحاتی اقدامات کے نفاذ میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہ کی جائے اور تمام منصوبوں کو طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔انہوں نے اصلاحاتی عمل میں شفافیت،موثریت اور پائیداری یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کے انتظام کو بھی ضروری قرار دیا۔شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ٹیکس نظام میں جامع اصلاحات ناگزیر ہیں۔ان کے مطابق ایف بی آر اصلاحات میں ڈیجیٹلائزیشن،پیداوار کی خودکار نگرانی اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔وزیراعظم نے ٹیکس چوری،سمگلنگ اور غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کے خلاف موثر کارروائیوں کی رفتار مزید بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مربوط اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے ایف بی آر میں اچھی شہرت رکھنے والے گڈز ایویلیویٹرز کی شفاف تعیناتی کے عمل کو بھی سراہا اور کہا کہ ادارے میں جاری اصلاحات کا مقصد ٹیکس وصولی کے نظام کو زیادہ شفاف،جدید اور موثر بنانا ہے۔وزیراعظم نے چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کی جانب سے اصلاحاتی اقدامات پر پیش رفت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ اصلاحات کا حقیقی فائدہ قومی خزانے،کاروباری طبقے اور مجموعی معاشی نظام کی بہتری کی صورت میں سامنے آنا چاہیے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز