اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت نجی سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق اہم اجلاس ہوا،جس میں ملکی معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے نجی شعبے کے کردار،سرمایہ کاری کے مواقع اور نئے مالیاتی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے نجی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نجی سرمایہ کاری فنڈ کے قیام سے متعلق لائحہ عمل جلد از جلد تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کے نئے ذرائع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی کیلئے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے جبکہ نجی سرمایہ کاری فنڈ معیشت میں ایک موثر محرک کا کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرمایہ کاری کیلئے دستیاب مواقع بڑھانے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے اقدامات تیز کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے جس میں عوامی حصص کی مارکیٹ اور نجی سرمایہ کاری کے نظام کو مزید فعال بنانے کیلئے واضح منصوبہ بندی شامل ہو۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔شہبازشریف نے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ معدنیات،زراعت،لائیو سٹاک،توانائی،اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبے ملکی ترقی کے بنیادی ستون ہیں،ان شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں صرف روایتی ذرائع پر انحصار کافی نہیں بلکہ متبادل سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بینکاری شعبے کی جانب سے سرمایہ کاری کا حجم ابھی محدود ہے،اس لیے نئے مالیاتی راستے تلاش کرنا وقت کا تقاضا ہے۔انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ملکی معیشت کو مضبوط،مستحکم اور دیرپا بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی جبکہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پالیسی سازی میں نجی شعبے کو بھی موثر انداز میں شامل کیا جائے گا۔