اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم ریلیف سکیم کے تحت مستحق شہریوں کو سبسڈی فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ان کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ ریلیف پروگرام میں کسی قسم کی رکاوٹ یا مستحقین کو سہولت سے محروم رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا،جس میں سکیم پر اب تک ہونے والی پیشرفت،رجسٹریشن،سبسڈی کی ادائیگیوں اور شفافیت کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیراعظم نے پروگرام کی مجموعی کارکردگی اور شفاف طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے باعث پروگرام میں شہریوں کی شمولیت بڑھی ہے اور زیادہ تعداد میں مستحق افراد حکومتی ریلیف سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی گئی اس سکیم کو عوامی فلاح و بہبود کے مستقبل کے اقدامات کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شفاف اور موثر نظام کے ذریعے مستحق شہریوں تک سہولت پہنچانا حکومت کی ترجیح ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سکیم کے تحت رجسٹرڈ مستحقین کو پیٹرولیم سبسڈی فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔اس اقدام کا مقصد ریلیف پروگرام پر موثر عمل درآمد یقینی بنانا اور ان شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے جو حکومتی سبسڈی کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔اجلاس کو دی گئی بریفنگ کے مطابق 4 نومبر 2026ء تک پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 15 کروڑ 51 لاکھ 92 ہزار 282 شہری رجسٹر ہو چکے ہیں۔ان میں 15.06 ملین موٹر سائیکلیں جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے تقریباً 4 لاکھ 49 ہزار 800 مالکان شامل ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکیم کے تحت اب تک 6 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار 685 ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں،جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار 347 ٹوکن استعمال کیے گئے۔پروگرام کے تحت 4 نومبر 2026 تک مستحقین کو مجموعی طور پر 28 ارب 60 کروڑ روپے کی ادائیگیاں بھی کی جا چکی ہیں۔
حکام کے مطابق پروگرام سے متعلق معلومات کی فراہمی اور شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے صارفین اور پیٹرول پمپس کی سہولت کے پیش نظر الگ الگ کال سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ سکیم کے عمل درآمد میں پیش آنے والے مسائل کو موثر انداز میں حل کیا جا سکے۔وزیراعظم نے سکیم کی نگرانی اور پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے موثر ڈیش بورڈ کی تیاری پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ،وفاقی سیکریٹری ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے سبسڈی کی تقسیم،نگرانی اور شفافیت کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک،وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ،وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک،وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی،وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ،معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل(ر) ظفر اقبال اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔