Home » مکہ دفاعی معاہدے پر صدر زرداری کو وزیر اعظم کی بریفنگ،پاک سعودی ترک شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

مکہ دفاعی معاہدے پر صدر زرداری کو وزیر اعظم کی بریفنگ،پاک سعودی ترک شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

by ahmedportugal
20 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی،جس میں مکہ مکرمہ میں پاکستان،سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے سہ فریقی دفاعی معاہدے،علاقائی صورتحال،دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں،داخلی و خارجی امور اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات سمیت اہم قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت سے ملاقات کے دوران انہیں مکہ مکرمہ میں طے پانے والے پاکستان،سعودی عرب اور ترکیہ کے سہ فریقی دفاعی معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صدر آصف علی زرداری نے معاہدے پر موثر عمل درآمد،دفاعی تعاون کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے سعودی عرب،ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور جامع تزویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے سفارتی کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔صدر زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ خطے اور دنیا میں امن،استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے ملک کے عالمی تشخص اور مقام کو مزید تقویت ملے گی جبکہ اس کے مثبت اثرات ملکی معیشت اور عوامی زندگی پر بھی مرتب ہوں گے۔

صدر اور وزیراعظم نے ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں نے پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی کارروائیوں کے ساتھ قومی سطح پر موثر تعاون اور مربوط حکمت عملی کو جاری رکھا جائے۔صدر آصف علی زرداری نے موجودہ علاقائی صورتحال اور عالمی معاشی دباو کے تناظر میں عوام کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا اور حکومت پر زور دیا کہ اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ان کی قیمتیں عام شہریوں کی پہنچ میں رکھنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو معاشی مشکلات سے ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے اور ضروری اشیا کی دستیابی میں کسی قسم کی رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو یومِ آزادی کی مبارکباد بھی پیش کی جبکہ دونوں رہنماوں نے قومی یکجہتی،ملکی استحکام،امن اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے پر زور دیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار،وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن رضا نقوی،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھے۔صدر اور وزیراعظم کے درمیان یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان علاقائی سطح پر دفاعی و سفارتی تعاون کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں اور معاشی استحکام کے چیلنجز سے بھی نمٹ رہا ہے۔ملاقات میں مکہ دفاعی معاہدے کو علاقائی امن،دفاعی تعاون اور مشترکہ سلامتی کے تناظر میں اہم قرار دیتے ہوئے اس پر موثر پیش رفت کی امید کا اظہار کیا گیا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز