Home » کراچی پریس کلب ارکان کے لیے بڑی خوشخبری،ناصر حسین شاہ کا پلاٹوں کی قرعہ اندازی کا اعلان

کراچی پریس کلب ارکان کے لیے بڑی خوشخبری،ناصر حسین شاہ کا پلاٹوں کی قرعہ اندازی کا اعلان

by ahmedportugal
64 views
A+A-
Reset

کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا ہے کہ کراچی پریس کلب کے نئے ارکان کے لیے رہائشی پلاٹوں کی قرعہ اندازی اگست کے پہلے ہفتے میں کی جائے گی جبکہ صحافی برادری کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق یہ اعلان سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر کیا،جہاں انہوں نے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان،مجلسِ عاملہ کے ارکان اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کی۔ملاقات میں پلاٹوں کی فراہمی سمیت صحافیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پلاٹوں کی فراہمی کے معاملے کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے اپنی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں،وہ نجی دورے پر ابوظہبی گئے تھے جہاں معمول کا طبی معائنہ بھی کرایا تاہم کسی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہیں ہوا۔

ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وڑن کے تحت سندھ بھر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ ان کے مطابق صوبے میں 300 سے زائد سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ جاری ہے،جن میں سے 100 سے زائد مکمل ہو چکی ہیں۔انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں سندھ کو اس کا جائز حصہ فراہم نہیں کیا جا رہا جبکہ مالی معاونت سے متعلق وعدے بھی تاحال پورے نہیں کیے گئے۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے سندھ حکومت کی جانب سے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ رہائشی پلاٹوں کے معاملے پر پیش رفت خوش آئند ہے۔سیکریٹری اسلم خان نے بھی قرعہ اندازی کے اعلان کو صحافی برادری کے لیے اعتماد بحال کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سندھ حکومت اور کراچی پریس کلب کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ صحافیوں کو درپیش مسائل کا پائیدار حل یقینی بنایا جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز