Home » پمز نرسری سانحہ: بلاول بھٹو کا شدید ردعمل، 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر ذمہ داروں کے تعین اور انصاف کا مطالبہ

پمز نرسری سانحہ: بلاول بھٹو کا شدید ردعمل، 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر ذمہ داروں کے تعین اور انصاف کا مطالبہ

by ahmedportugal
15 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد کے پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر شدید دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے ایک بڑے سرکاری ہسپتال میں نومولود بچوں کی اس المناک ہلاکت نے ہر حساس دل کو صدمے سے دوچار کردیا ہے،یہ ایک ایسا سانحہ ہے جس کے اثرات صرف متاثرہ خاندانوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے نومولود بچوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مائیں اپنے بچوں کو نو ماہ اپنی کوکھ میں اس امید کے ساتھ رکھتی ہیں کہ وہ انہیں محفوظ اور صحت مند زندگی کی طرف لے جائیں گی،نہ کہ ان کے بچے دنیا میں قدم رکھتے ہی مبینہ غفلت یا حفاظتی کوتاہی کی نذر ہوجائیں۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ان معصوم بچوں کے حوالے سے والدین نے بے شمار خواب اور امیدیں وابستہ کر رکھی تھیں مگر زندگی کی نئی امید کے ساتھ دنیا میں آنے والے یہ ننھے چراغ سانحے کی آگ میں بجھ گئے۔

انہوں نے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس کے تمام پہلووں کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ سانحے کے بعد متاثرہ خاندان شدید صدمے اور کرب سے گزر رہے ہیں اور بچوں کے والدین خصوصاً بے بس باپ انصاف کے منتظر ہیں،محض افسوس اور تعزیتی بیانات کافی نہیں، بلکہ تحقیقات کے ذریعے یہ واضح کیا جانا چاہیے کہ اتنے بڑے سانحے کے ذمہ دار کون ہیں اور حفاظتی انتظامات میں کہیں کوئی کوتاہی یا غفلت تو نہیں برتی گئی۔بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی ذمہ داری کا واضح تعین کیا جائے اور اگر تحقیقات میں کسی فرد یا ادارے کی غفلت ثابت ہوتی ہے تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ہسپتالوں کے حفاظتی نظام کا بھی جامع جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔پمز نرسری میں آتشزدگی کے اس المناک واقعے کے بعد ملک بھر میں ہسپتالوں کے فائر سیفٹی نظام،ایمرجنسی رسپانس اور نومولود بچوں کے وارڈز میں حفاظتی انتظامات کے حوالے سے بحث شدت اختیار کرچکی ہے۔ایسے میں بلاول بھٹو زرداری کا بیان بھی اس مطالبے کی عکاسی کرتا ہے کہ سانحے کی تحقیقات محض رسمی کارروائی تک محدود نہ رہیں بلکہ ذمہ داری کے تعین اور عملی کارروائی تک پہنچائی جائیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز