لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری منظور احمد نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ملک کے ساتھ ناانصافی اور ظلم قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ پی آئی اے کی پرائیوٹائزیشن شفافیت کے بجائے مخصوص مفادات کے تحت کی گئی اور یہ فیصلہ مستقبل میں”ایم سی بی سے بھی بڑا سکینڈل“ ثابت ہو گا، جس کے سنگین نتائج قومی معیشت، ملازمین اور عوام کو بھگتنا پڑیں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پیپلز لیبر بیورو کے انچارج چودھری منظور احمد نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی حالیہ نجکاری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ملک کے مفاد میں نہیں بلکہ نجی سرمایہ کار عارف حبیب اور اس کے ذاتی مفادات کے لیے ہوا ہے، حکومت کی مشینری اور وزراءقوم کو گمراہ کر رہے ہیں جبکہ حقیقت میں پاکستان کی جیت نہیں بلکہ قومی اثاثوں کا نقصان ہوا ہے۔چودھری منظور نے تفصیل سے بتایا کہ پی آئی اے کے دو بنیادی حصے ہیں، جن میں سے ایک کمپنی سی آئی ایل کے ذریعے نجکاری کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کے 30 طیارے، 8 بلڈنگز، 400 گاڑیاں، فرنیشڈ دفاتر، ہینگرز اور دیگر آلات کے ساتھ 10 ارب روپے کے سپیئر پارٹس کو بھی فروخت کے عمل میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قومی اثاثے ہیں جنہیں “اونے پونے داموں” بیچا گیا جبکہ پی آئی اے نے گزشتہ سال 26 ارب روپے منافع کمایا اور رواں برس کے پہلے چھ ماہ میں ساڑھے 11 ارب روپے کا منافع حاصل کیا ہے۔چودھری منظور نے کہا کہ پی آئی اے کے موجودہ اثاثے اور بین الاقوامی لینڈنگ روٹس کی قدر ہزاروں ارب روپے میں ہے، اور ان روٹس کے باعث مستقبل میں منافع کئی گنا بڑھ سکتا تھا، خاص طور پر یورپی مارکیٹس جیسے انگلینڈ سے 40 فیصد منافع حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے ملازمین کے تحفظ کے مسائل پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ایک سال بعد ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور دیگر مراعات کا کیا ہوگا، یہ سب غیر یقینی ہے۔ ان کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری “ایم سی بی سے بڑا اسکینڈل” ثابت ہو گی، کیونکہ اس سے نہ صرف قومی سرمایہ کاری کو نقصان پہنچے گا بلکہ ملازمین اور عوام کا اعتماد بھی متاثر ہوگا۔چودھری منظور احمد نے زور دیا کہ پی آئی اے کی نجکاری سراسر زیادتی اور ظلم کے مترادف ہے، اور اس کے نتائج سے ملکی معیشت اور عوام دونوں متاثر ہوں گے۔
پی آئی اے کی پرائیوٹائزیشن سرا سر زیادتی اور ظلم،قومی ایئر لائن کی نجکاری ایم سی بی سے بڑا سکینڈل ثابت ہو گی،پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور کا تہلکہ خیز الزام
2