منیلا(ایگزو نیوز ڈیسک)فلپائن کے جنوبی علاقے منڈاناو میں 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے اور اس کے بعد آنے والی سونامی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے،جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 32 افراد جاں بحق جبکہ 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں اور درجنوں افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق زلزلے کا مرکز سرانگانی صوبے کے ساحل کے قریب سمندر میں 32 کلومیٹر دور تھا جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث جھٹکوں کی شدت زمین پر انتہائی شدید محسوس کی گئی۔زلزلے کے فوراً بعد ایک میٹر بلند سونامی لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرا گئیں،جس نے صورتحال کو مزید خوفناک بنا دیا۔زلزلے کے باعث متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں جبکہ کئی علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا۔شہری خوف کے عالم میں گھروں،دفاتر اور تعلیمی اداروں سے باہر نکل آئے اور پورے خطے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔زلزلے کے بعد فلپائن، انڈونیشیا،جاپان اور آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک کے لیے سونامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں مزید ساحلی علاقوں میں غیر معمولی سمندری لہریں پیدا ہو سکتی ہیں۔بین الاقوامی ماہرین کے مطابق یہ رواں سال کا سب سے طاقتور زلزلہ ہے،جو خطے میں پہلے سے موجود خطرناک زلزلہ خیز سرگرمیوں میں ایک نئے اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔حکام نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔