Home » پی جی ایم آئی میں جدید طبی تعلیم کا نیا باب،سٹیٹ آف دی آرٹ لائبریری کا افتتاح

پی جی ایم آئی میں جدید طبی تعلیم کا نیا باب،سٹیٹ آف دی آرٹ لائبریری کا افتتاح

by ahmedportugal
21 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (پی جی ایم آئی) اور لاہور جنرل ہسپتال میں طبی تعلیم،تحقیق اور طلبہ کی علمی استعداد بڑھانے کے لیے جدید طرز کی اپ گریڈ لائبریری کا افتتاح کردیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پرنسپل پی جی ایم آئی و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید طبی علم تک مسلسل رسائی اور تحقیقی سرگرمیوں سے وابستگی نوجوان ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ مریضوں کی بہتر تشخیص اور علاج میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔تقریب میں ایڈیشنل ڈین ڈاکٹر شائستہ مبین،پروفیسر فرحان رشید،پروفیسر فیصل،ڈاکٹر عبدالعزیز سمیت مختلف شعبہ جات کے فیکلٹی ارکان،سینئر ڈاکٹرز اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا کہ میڈیکل سائنس ایک مسلسل ارتقائی عمل سے گزرنے والا شعبہ ہے جہاں ہر روز نئی تحقیق،نئی تشخیصی تکنیکیں اور علاج کے جدید طریقے سامنے آرہے ہیں۔ان کے مطابق ایسے ماحول میں طبی طلبہ اور نوجوان ڈاکٹرز کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی تعلیم کو صرف نصابی کتب تک محدود نہ رکھیں بلکہ جدید تحقیقی مواد، بین الاقوامی جرائد اور مستند طبی ذرائع سے بھی مسلسل استفادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی میڈیکل پروفیشنل کے علمی ذخیرے میں جتنی وسعت اور تازگی ہوگی،وہ مریضوں کی تشخیص اور علاج کے حوالے سے اتنا ہی بہتر فیصلہ کرسکے گا۔ان کے مطابق جدید علم سے جڑے رہنے کا براہِ راست فائدہ نہ صرف ڈاکٹر کی پیشہ ورانہ ترقی کو پہنچتا ہے بلکہ اس کے نتیجے میں مریضوں کو بھی زیادہ موثر اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے اپ گریڈ شدہ لائبریری کو ادارے میں تحقیق کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے طلبہ میں ریسرچ کلچر،کلینیکل لرننگ اور ایویڈنس بیسڈ میڈیسن کو فروغ ملے گا۔ان کے مطابق طب کے شعبے میں علاج کے فیصلے جدید اور مستند شواہد کی بنیاد پر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔نئی لائبریری میں 7 ہزار سے زائد طبی کتب کا ذخیرہ موجود ہے جبکہ ڈیجیٹل ریسرچ کے لیے 30 جدید کمپیوٹرز پر مشتمل الگ سیکشن بھی قائم کیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق روزانہ 100 سے زائد طلبہ و طالبات لائبریری کی سہولیات سے استفادہ کرتے ہیں۔لائبریری میں مطالعے کے لیے جدید مطالعاتی ہالز اور ڈیجیٹل وسائل بھی فراہم کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو ایک ہی مقام پر نصابی مطالعے کے ساتھ تحقیقی سرگرمیوں کے لیے ضروری سہولیات میسر آسکیں۔جدید کمپیوٹر سیکشن کے ذریعے طلبہ آن لائن تحقیقی مواد اور طبی معلومات تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ طبی تعلیمی اداروں میں لائبریری کا کردار صرف کتابیں فراہم کرنے تک محدود نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک ایسا علمی مرکز ہے جہاں طلبہ مستقل سیکھنے،تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت کے عمل کو آگے بڑھاتے ہیں۔ان کے مطابق جدید لائبریریاں طلبہ کو عالمی طبی برادری میں ہونے والی تحقیق اور پیش رفت سے ہم آہنگ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے فیکلٹی اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ دستیاب وسائل کا بھرپور استعمال کریں اور جدید طبی تحقیق کو اپنی تعلیمی اور کلینیکل سرگرمیوں کا مستقل حصہ بنائیں۔ان کے مطابق پاکستان میں طبی تعلیم کے معیار کو عالمی سطح پر بہتر بنانے کے لیے تحقیقی رجحان کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

افتتاحی تقریب کے بعد پرنسپل پی جی ایم آئی نے لائبریری کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے ڈیجیٹل سیکشن، 30 کمپیوٹرز پر مشتمل ریسرچ ایریا اور مطالعاتی ہالز کا معائنہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔تقریب میں شریک سینئر ڈاکٹرز،فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے ادارے میں اس جدید سہولت کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ نئی لائبریری سے طلبہ کو نہ صرف امتحانات اور تدریسی سرگرمیوں میں مدد ملے گی بلکہ تحقیقی منصوبوں، مقالہ نویسی اور کلینیکل علم میں اضافے کے لیے بھی بہتر ماحول دستیاب ہو گا۔پی جی ایم آئی انتظامیہ کے مطابق جدید لائبریری کو فعال بنانے کا بنیادی مقصد طلبہ اور نوجوان ڈاکٹرز کو ایسا تعلیمی و تحقیقی ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ روایتی مطالعے کے ساتھ ڈیجیٹل ذرائع سے بھی فائدہ اٹھا سکیں۔انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ نئی سہولت ادارے میں تحقیقی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے اور طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز