Home » ملک میں پیٹرول بحران کا خدشہ، پمپس پر جھگڑے شروع،حکومت نے سخت کارروائی کی دھمکی دے دی

ملک میں پیٹرول بحران کا خدشہ، پمپس پر جھگڑے شروع،حکومت نے سخت کارروائی کی دھمکی دے دی

by ahmedportugal
8 views
A+A-
Reset

کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی قلت کے آثار ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں جبکہ حکومت اور متعلقہ اداروں نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے کہا کہ ملک میں اچانک پیٹرول کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث کئی پیٹرول پمپس پر سپلائی متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے۔ان کے مطابق عوام بڑی مقدار میں پیٹرول خرید کر ذخیرہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں صورتحال مزید پیچیدہ ہو رہی ہے۔عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ ڈیلرز کو معمول کی فروخت کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد کم پیٹرول فراہم کیا جا رہا ہے،جس کے باعث متعدد پیٹرول پمپس خشک ہونے لگے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر کی موجودگی کے دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکس فوری طور پر ختم کیے جائیں اور پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کیا جائے۔ان کے بقول مہنگا پیٹرول عام شہری،خصوصاً موٹر سائیکل استعمال کرنے والے اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنے گا۔چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ موجودہ صورتحال کے باعث کئی پیٹرول پمپس پر جھگڑوں کے واقعات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور اگر سپلائی میں بہتری نہ آئی تو امن و امان کے مسائل پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیلرز حکومت کو پہلے ہی آگاہ کر رہے ہیں تاکہ بعد میں ان پر کسی قسم کی بدانتظامی کا الزام نہ لگایا جائے۔عبدالسمیع خان کے مطابق حکومت اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید بڑا اضافہ کرتی ہے تو ڈیلرز کے لیے اتنا مہنگا پیٹرول فروخت کرنا ممکن نہیں ہو گا اور اس صورت میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا آپشن بھی زیر غور آ سکتا ہے۔انہوں نے سندھ پولیس کے انسپکٹر جنرل سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول پمپس پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب حکومت نے جغرافیائی اور علاقائی صورتحال کے پیش نظر عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں جو قومی طلب کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر توجہ نہ دیں اور غیر ضروری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری یا ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں کیونکہ اس سے مصنوعی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ترجمان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی یا انہیں غیر مجاز مقامات پر رکھنے میں ملوث کسی بھی فرد یا ادارے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،خصوصاً ایسے مقامات پر جو باقاعدہ لائسنس یافتہ آئل ڈپو یا آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ریٹیل آوٹ لیٹس نہیں ہیں۔اوگرا نے مزید بتایا کہ بعض عناصر ایسے حالات میں ناجائز منافع خوری کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کی کوشش کرتے ہیں۔اس رجحان کی روک تھام کے لیے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو متحرک کریں تاکہ وہ فیلڈ میں معائنہ کریں اور جہاں کہیں بھی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پائی جائے وہاں فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ مقامات کو سیل کیا جائے۔اوگرا کے مطابق اس کی فیلڈ ٹیمیں بھی ملک بھر میں آئل ڈپوز اور ریٹیل آوٹ لیٹس پر پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ سپلائی کو برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا بدعنوانی کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز